پلوشہ خان نے شیخ رشید پر غداری کا الزام عائد کردیا 

پلوشہ خان نے شیخ رشید پر غداری کا الزام عائد کردیا 
پلوشہ خان نے شیخ رشید پر غداری کا الزام عائد کردیا 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پر "غداری" کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قومی سلامتی کے حوالے سے بات کی جس سے قومی سلامتی کو دھچکا لگا ہے،اگر یہی بات کسی اپوزیشن رہنما نے کی ہوتی تو اب تک وہ  آرٹیکل 6میں گرفتار ہو چکا ہوتا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ  آل پارٹیز کانفرنس کی گونج حکومتی وزراء کے چہروں پر عیاں ہے،حکومتی وزراء  کہتے تھے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی تقریرنشر نہیں ہونے دیں گے لیکن تقریر نشر ہوئی اور سارے ملک نے دیکھی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قومی سلامتی کے حوالے سے بات کی ہے اور قومی سلامتی کا ایشو دشمن ملکوں تک انہوں نے پہنچا دیا ہے،یہ غداری کے مرتکب ہوئے ہیں اگر کسی اپوزیشن کی جماعت سے کسی نے ایسی بات کی  ہوتی تو وہ آرٹیکل 6میں گرفتار ہو چکا  ہوتا، اس سے قومی سلامتی کو دھچکا لگا ہے لیکن ہمیں پتا ہے کہ ان کو سات خون معاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی صورتحال یہ ہے کہ وہ تلاش گمشدہ ہیں، بھارت دراندازی کرتاہے تو وہ غائب ہوجاتے ہیں لیکن اپوزیشن اس حوالے سے بات کرتی ہے،وزیراعظم کو جرات نہیں کہ وہ اگلے مورچوں پر جائیں۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -