ادویات کی قیمتوں میں اضافہ، شہباز شریف نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عوامی مطالبہ کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پر کڑی تنقید کرتےہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیاجائے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نےادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافے کی شدید مذمت اور واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالائقی، بدنیتی اور بدعنوانی کی بڑی بھاری قیمت ہے جو بدقسمتی سے عوام روزانہ کی بنیاد پر چکا رہے ہیں،حکومت نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات تک بند کردیں،مفت علاج، ٹیسٹ اور دوائی سے غریب عوام کو محروم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے، بجلی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے،کہاں گئے وہ دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گے؟عوام کی جیب پر روز ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، 500 فیصد ادویات کی قیمتوں میں پہلے بھی اضافہ ہوچکا ہے،چینی، آٹا، خوراک کے بعد دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا بم عوام پر پھینکاگیا۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ ادویات سکینڈل میں اربوں روپے کمانے والے وزیرکے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی،ادویات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب مریضوں کے خلاف دہشت گردی کے مترادف ہے،حکومت مریضوں پر ظلم بند کرے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیاجائے۔