نیشنل ٹی 20 کپ کا دوسرا روز ، سدرن پنجاب بمقابلہ سندھ، سننی خیز میچ کا نتیجہ سامنے آگیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ نے اپنے پہلے میچ میں سدرن پنجاب کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی۔
سندھ کی ٹیم نے 176 رنز کا ہدف آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ سندھ کی جانب سے اوپننگ بلے باز خرم منظور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے 49 گیندوں پر 84 رنز بنائے،انکی شاندار اننگز میں 10چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں انور علی نے 29 اور کپتان سرفراز احمد نے 15 رنز بنائے۔سدرن پنجاب کی جانب سے نسیم شاہ، عامر یامین اور محمد الیاس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سدرن پنجاب کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین 26 گیندوں پر 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں ذیشان اشرف نے 34 اور زین عباس نے 25 رنز بنائے۔ سندھ کی جانب سے محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سندھ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔