کیا حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی مائیں کورونا ویکسین لگوا سکتی ہیں؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے کورونا ویکسین محفوظ ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی مائیں غلط فہمی کی بنا پر کورونا ویکسین نہیں لگوا رہیں۔ کورونا ویکسین ان خواتین کیلئے انتہائی محفوظ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حاملہ خواتین کیلئے کورونا ویکسین انتہائی ضروری ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کے بعد ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے سہولیات پر بندشیں لگ جائیں گی۔ ان بندشوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ پاس ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے، اس لیے ہروہ شخص جس نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی وہ اپنی ویکسینیشن مکمل کرائیں۔