عدم برداشت کی چند آوازیں جو مجموعی طور پر کم ہیں،قمر زمان کائرہ 

عدم برداشت کی چند آوازیں جو مجموعی طور پر کم ہیں،قمر زمان کائرہ 

  

 اسلام آباد (این این آئی)مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ عدم برداشت کی چند آوازیں ہیں جو مجموعی طور پر انتہائی کم ہیں، سوشل میڈیا قوم کو جوڑنے کی بجائے بدقسمتی سے تقسیم کیلئے استعمال ہو رہا ہے، ہمیں ایک بڑی سماجی تحریک کے ذریعے اپنے اندر تبدیلی لانی ہوگی،جب جمہوریت میں ووٹ دینے کا عمل اثر و رسوخ کی بجائے کردار پر ہو گا تو معاشرے میں امن اور برداشت کی فضا پیدا ہوگی۔مشیر امور کشمیر نے پاکستان پیس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارا معاشرہ مجموعی طور برداشت کر نے والا معاشرہ ہے، انہوں نے کہاکہ جمہوریت اسلوب، ہیت،شناخت اور رویوں کا نام ہے،ہمارے ہاں جمہوریت کے تمام ادارے اور قوانین موجود ہیں تاہم ہمارے رویے بدقسمتی سے غیر جمہوری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں فکری تحریکیں پروان نہیں چڑھ سکیں، ہم نے آزادی تو حاصل کی مگر طبقات، نسلوں اور قبیلوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ قمرزمان کائرہ نے کہاکہ سماجی تحریک کے ذریعے معاشرے میں کردار سازی کا عمل تیز کرنا ہو گا۔

قمر زمان کائرہ

مزید :

صفحہ آخر -