پرویز الٰہی سے کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کی ملاقات،سیلاب متاثرین کیلئے 35ملین ڈالر کی پیشکش
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) عالمی بینک نے پنجاب حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے 35 ملین ڈالر دینے کی پیشکش کردی۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنجے بن حسائن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں سیلاب متاثرین کی مدد کی پیشکش کی گئی۔ ملاقات کے دوران پنجاب حکومت اورعالمی بینک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔عالمی بینک کی جانب سے پنجاب حکومت کو یہ پیشکش سیلاب متاثرین کونقد رقم دینے کیلئے کی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ 35 ملین ڈالر کو پنجاب احساس پروگرام سے لنک کرکے سیلاب زدگان میں تقسیم کریں گے۔ میرے سابقہ دور میں عالمی بینک کے تعاون سے تعلیم اورصحت میں انقلابی اصلاحات کی گئیں،شعبہ صحت میں ایڈہاک ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی بھرتی کی اجازت دی ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز میں ادویات کو مفت کر دیا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں،سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جامع پلان مرتب کیاہے،پانی کو محفوظ رکھنے کیلئے ڈیمز بنانے پر پوری توجہ ہے۔
پرویز الٰہی
لاہور(این این آئی)،وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا،جس میں مختلف محکموں کے80سے زائد ایجنڈوں اور اربوں روپے کے سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی،تفصیلات کے مطابق اجلاس میں کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک 24ہزار سے زائد نئی بھرتیوں،کانسٹیبل کی3ہزار منظور شدہ خالی آسامیوں پربھی بھرتی،پولیس کیلئے آپریشنل گاڑیاں خریدنے کیلئے فنڈز کے اجراء،ٹریفک وارڈنز او رہائی وے پٹرولنگ پولیس کیلئے خصوصی الاؤنس،محکمہ لوکل گورنمنٹ کے گریڈ 1 سے گریڈ 19تک کے ملازمین کیلئے خصوصی الاؤنس،پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں 142 آسامیوں پربھی بھرتیوں،اقلیتوں کیلئے مختلف محکموں میں 19ہزارمنظورشدہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں،پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ میں بھی بھرتیوں کی اجازت دی گئی۔ صوبہ بھر میں سینکڑوں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے194پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع اور دیگر شہروں میں بلدیات اور ہاؤسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے 4منصوبوں اورسپورٹس کے4پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔فیصل آباد میں سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔پنجاب ایجوکیشن سیکٹر پراجیکٹ فیز تھری کے88کروڑ روپے کے لیپس فنڈز بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے لیہ کے لٹریسی موبلائزکے اہل خانہ کے لئے گرانٹ ان ایڈ اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نائب قاصد کے 4سالہ بیٹے کے علاج کے لئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ پنجاب نان فارمل ایجوکیشن پراجیکٹ کے واجبات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کو ا پ گریڈ کیاجائے گا۔گورنمنٹ کالج میں گرلز ہوسٹل کے لئے 10کروڑ روپے کی گرانٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔سمبڑیال کی انجینئر نگ یونیورسٹی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے لئے سالانہ 10کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ورلڈ بینک کی معاونت سے جاری سمارٹ پروگرام کی ری سٹرکچرنگ کی اصولی منظوری دی گئی۔پنجاب پاپولیشن اینوویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹوکی تعیناتی اورفیملی ویلفیئر سنٹر کے کنٹریکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ کو جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔پنجاب سٹیز گورننس امپورمنٹ پراجیکٹ کے زیر تکمیل منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کا فیصلہ کیاگیا۔ڈیٹا بیس اینٹی گریشن پلان برائے مالی سال 2022 تا2025 اورپنجاب پنشن فنڈز اور پنجاب جنرل پراویڈنٹ انوسٹمنٹ فنڈ کے لئے ایکسٹرنل آڈیٹر کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں نیشنل ٹیکس کے چوتھے اجلاس کے فیصلوں کے نفاذ کی توثیق کی گئی۔پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014کے تحت نوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی۔عدالتی احکامات کے مطابق پرسنل اسسٹنٹ کی 4آسامیوں کو گریڈ 16سے گریڈ 17دینے کی منظوری دی گئی۔موٹرٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی ریگولائزیشن کی منظوری دی گئی۔ڈیرہ غازی خان میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کے قیام کے لئے اراضی کی لیزرینٹ کی منظوری بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس 4 گھنٹے تک جاری رہا۔
وزیراعلی