سندھ نے سیلاب متاثرین کے علاج کیلئے پنجاب حکومت سے مدد مانگ لی

سندھ نے سیلاب متاثرین کے علاج کیلئے پنجاب حکومت سے مدد مانگ لی

  

        کراچی،اسلام آ باد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں کے باعث مزید 20 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھرمیں  بارشوں اور سیلا ب سے مزید 20 افراد  جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 596 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں سندھ میں 17، بلوچستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے اب تک 20 لاکھ 16 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے جبکہ 12 ہزار 863 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں جس کی وجہ سے ہر عمر کا فرد متاثر ہورہا ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی قلت بھی متاثرین کے لئے شدید مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔محکمہ صحت سندھ نے سیلاب متاثرین کے علاج کے لیے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا۔ سندھ کو اس وقت پنجاب کے تعاون کی ضرورت ہے۔محکمہ صحت سندھ نے سیلاب متاثرین کے علاج کے لیے حکومت پنجاب سے مدد مانگ لی۔خط کے متن کے مطابق سندھ کو اس وقت پنجاب کے تعاون کی ضرورت ہے، سندھ میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکس کی کمی کا سامنا ہے جبکہ سندھ کے 10 اضلاع میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکس کی اشد ضرورت ہے، 10 اضلاع میں ماہر اطفال، ماہر امراض نسواں، ماہر نفسیات اور ماہر امراض جلد سمیت دیگر عملے سمیت دیگر کی اشد ضرورت ہے۔ دنیا بھر سے سیلاب زدگان کیلئے امداد کا سلسلہ جاری ہے، عمان کی تیسری امدادی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق دنیا کے کئی دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے طیارے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔عمان کی جانب سے تیسری امدادی پرواز سیلاب زدگان کیلئے ضروری سامان لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچی جہاں عمان کے قونصل جنرل اور این ڈی ایم اے نمائندوں نے سامان وصول کیا، پاکستانی حکام نے امدادی سامان ملنے پر عمان کا شکریہ ادا کیا۔سیلاب متاثرین کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹرکی طرف سے مزید 2طیارے  60 ٹن امدادی سامان لے کر کراچی پہنچے ڈائریکٹر کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر پاکستان نے امدادی سامان ایم ڈی ایم اے کے حوالے کیا۔طیاروں میں غذائی اور غیر غذائی اشیاء کے علاوہ کھجوریں، کمبل اور خیمے شامل ہیں جو حکومت کے تعاون سے پاکستان کے متعدد علاقوں میں ہر علاقے کی ضروریات کے مطابق متاثرہ افراد میں تقسیم کیا جائیگاجس سے ہزاروں  مستفید ہوں گے طیاروں کی آمد کا یہ سلسلہ مزید 5 دنوں تک جاری رہے گا۔

سیلاب، امداد

مزید :

صفحہ اول -