روٹری کلب کراچی نیکسسز نے سینٹرل جیل کے اسکول کو گود لے لیا

 روٹری کلب کراچی نیکسسز نے سینٹرل جیل کے اسکول کو گود لے لیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)روٹری کلب آف کراچی نیکسز اورسندھ ایجوکیشن فاونڈیشن کے درمیان ہونیوالے ایک معاہدے کے تحت روٹری کلب کراچی نیکسز نے پی آئی بی پرائمری اسکول سینٹرل جیل کو گود لے لیا،اسکول کا تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا جبکہ جیل میں قائم اسکول کوجدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔اس سلسلے میں روٹری کلب آف کراچی نیکسز کے زیر اہتمام پی آئی بی پرائمری اسکول سینٹرل جیل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی روٹری انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر محمد فیض قدوائی تھے۔ سابق صدر روٹری کلب آف کراچی نیکسز 2021-22 محمد علی حیدرنے اسکول کے حوالے سے بریفنگ دی اس موقع پرڈی آئی جی جیل خانہ جات ناصر خان بھی موجود تھے۔ آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں امید ہے کہ روٹری کلب آف کراچی نیکسزکے اقدام سے جیل ملازمین کے بچوں کا مستقبل روشن ہو گا۔ آئی جی جیل خانہ جات نے اسکول کو ترقی دینے کی خواہش کا اظہار دو سال قبل سابق صدر روٹری محمدعلی حیدر سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی اسکول اور بیکن ہاوس کے ماسٹر ٹرینر کو ہائر کرکے اس اسکول کو جدید خطوط پر استوار کریں گے اور جدید نصاب بنا کر ایک ماڈل اسکول بنائیں گے اور ہم کوشش کریں گے کہ جیل ملازمین کے بچوں کو وہی سہولت ملے جو پرائیویٹ اسکول کے بچوں کو مل رہی ہے۔ صدر روٹری کلب کراچی آف نیکسز 2022-23 سید خرم انیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس اسکول کو ایک سال میں فعال کر دینگے، محمد علی حیدر کے ویژن کے مطابق اس اسکول کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ آنے والے صدر روٹری کلب کراچی آف نیکسز جنید حامدنے کہا کہ ہم نے تعمیراتی کام کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ اس موقع پر سابقہ صدر وچارٹرڈ کوثر اسلم، سیکریٹری اسلم خالق، ایجوکیشن چیئر روشن افضل، عروج، شانزے حیدر، شازیہ ایڈوانی، زاہد حمید، جاوید زیدی اور ڈاکٹر خالد شیخ پریزیڈنٹ ایلیکٹ اور دیگر روٹری کلب آف کراچی نیکسز کے ممبران، جیل اور ایجوکیشن فاونڈیشن کا عملہ بھی موجود تھا۔ محمد فیض قدوائی ڈائریکٹر روٹری انٹرنیشنل نے مستقبل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب میں سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن کی نمائندگی ریجنل ڈائریکٹر دلشاد نے کی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -