گھر سے حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار چلانے والا ملزم گرفتار

  گھر سے حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار چلانے والا ملزم گرفتار

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کراچی کی اسکیم 33 میں کارروائی کرتے ہوئے گھر سے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ کے احکامات کی روشنی میں ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاون جاری ہے۔ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے گلزارِ ہجری اسکیم 33 میں کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے ملزم بابر دوسانی کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق ملزم اپنی رہائش گاہ سے ہنڈی حوالہ اور منی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار چلانے میں ملوث تھا۔ملزم کے قبضے سے 14000 برطانوی پاونڈز، 17000 امریکی ڈالرز اور ایک موبائل فون برآمد کر لیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے موبائل سے ٹیلی گرافک ٹرانسفر اور ہنڈی حوالہ سے متعلق فہرستیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ملزم نے ہنڈی حوالہ کی لین دین کے لیے رائیڈرز کی خدمات بھی حاصل کی ہوئی تھیں۔ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -