سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر ہونا ناگزیر ہے:ڈاکٹر زمجد علی

سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر ہونا ناگزیر ہے:ڈاکٹر زمجد علی

  

       پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ عوام کو پاک و شفاف ماحول فراہم کرنا منتخب نمائندگان، انتظامیہ اور مقامی پولیس کی ذمہ داری ہے، نشہ آور مواد، دھوکہ، فریب، ملاوٹ اور ڈکیتی کی وارداتوں کی سختی سے روک تھام کیلئے سب کا ایک پلیٹ فارم پر ہونا ضروری ہے، بازار میں ملاوٹ میں ملوث افراد کو سختی سے نمٹا جائے گا، اس کی روک تھام بے حد ضروری ہے جس کا مل کر خاتمہ کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آفس بریکوٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اے سی و تحصیلدار تحصیل بریکوٹ، پولیس حکام اور مقامی عوامی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تحصیل چئیرمین کاشف علی بھی اجلاس میں شریک تھے۔وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ امن و آمان اور سلامتی کو مستحکم کرنے کے لئے جرائم پیشہ افراد سے قطعاً نرمی نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ جزا و سزا کو یقینی بنانے اور آئین کی بالادستی قائم رکھنے سے نہ صرف معاشرے سے ناسور کا خاتمہ ہوتا ہے بلکہ معاشرے میں ایک نئے جذبے کے ساتھ نوجوان نسل پُر عزم اور پُر جوش انداز میں ملک و قوم کی حقیقی خدمت کے لئے آگے بڑھتے ہیں۔وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے پولیس حکام پر واضح کیا کہ، تحصیل بریکوٹ میں جہاں بھی پولیس چوکی قائم کرنے کی ضرورت ہو، تو عوام کی تحفظ کی خاطر پولیس کی خدمات پیش کی جائے۔ اس موقع پرپولیس حکام نے کہا ہے کہ تمام اہلکار اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دے رہے ہیں، پولیس حکام نے کہا کہ عوام  پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے تو علاقے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئیگا۔ وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بریکوٹ بائی پاس روڈ کے حوالے سے کہا کہ بائی پاس روڈ کا مقصد یہی ہے کہ عوام آسانی سے رش سے بچ کر سفر کریں، لیکن بائی پاس سڑک کے کنارے مارکیٹیں یا ہوٹلز کی تعمیر قابل افسوس ہے، جس سے سہولیات کی بجائے عوام کو تکلیف ہوگی، اس کے لیے باقاعدہ قوانین وضع کی جائے گی، اور تعمیر کا اجازت نامہ متعلقہ ادارے سے لینا لازمی ہوگا۔ ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی نااہلی اور انتقامی پالیسیوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، ہر روز اشیاء خورد و نوش پر اضافی ٹیکس اور بڑھتی ہوئی بلا ضرورت قیمتوں کو بڑھانا عوام کو مزید غربت کی طرف دھکیلنا ہے،  انہوں نے کہا کہ عوام امپورٹڈ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے میں بروز ہفتہ 2 بجے امپورٹڈ حکومت کی نااہلی کے خلاف اور سوات میں امن و آمان برقرار رکھنے کے لیے عوام احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔

مزید :

صفحہ اول -