بیوی کا قتل، عدالت نے ملزم شاہ نواز کے والدسینئر صحافی ایاز امیر اور والدہ کو گرفتار کرنے کیلئے وارنٹ جاری کر دیئے

بیوی کا قتل، عدالت نے ملزم شاہ نواز کے والدسینئر صحافی ایاز امیر اور والدہ کو ...
بیوی کا قتل، عدالت نے ملزم شاہ نواز کے والدسینئر صحافی ایاز امیر اور والدہ کو گرفتار کرنے کیلئے وارنٹ جاری کر دیئے

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار شاہ نواز امیر کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے جبکہ عدالت نے ملزم کے والدین کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے پولیس کی درخواست   منظور کر لی ہے۔

پولیس نے سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز امیر کو سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت میں پیش کر دیاہے جس دوران 10 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ہے ۔دوران سماعت فاضل جج نے سوال کیا کہ شاہ نواز کون ہے ، آپ کو کب گرفتار کیا گیا ، ملزم نے جواب دیا کہ مجھے جمعہ کی صبح گرفتار کیا گیا ، تفتیشی نے عدالت میں کہا کہ ملزم شاہ نواز نے اپنی اہلیہ کو بے دردی سے قتل کیا ، عدالت نے شاہ نواز کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کچھ بولناچاہتے ہیں جس پر وکیل نے جواب دیا کہ بلائنڈ مرڈر ہے ، پہلا ریمانڈ ہے ، کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ تفتیشی نے کہا کہ ملزم شاہ نواز نے اپنی اہلیہ کو باہر سے بلوا کر قتل کر دیا ، شاہ نواز کے وکیل نے کہا کہ یہ قتل صرف ابھی الزام کی حد تک ہے ۔

جج نے ملزم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو علم ہے کہ آپ پر دفعہ 302 لگی ہے ، پولیس نے کہا کہ ملزم نامزد ہے ، برآمدگی کرنی ہے۔عدالت نے ملزم شاہ نواز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ  کیا جو کہ کچھ دیر بعد سنا تے ہوئے 2 روزہ ریمانڈ کی منظوری دیدی۔

پولیس نے ملزم کو منشی خانے سے واپس عدالت میں پیش کیا جس دوران پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم کے والدین کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست دائر کر دی ہے ، پولیس نے درخواست کی کہ ایاز امیر، ان کی اہلیہ ، ملزم کے چچا، چچی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے جائیں ، جج نے تفتیشی سے استفسار کیا کہ آپ کو کس لیے ان کے وارنٹ گرفتاری چاہیے ۔تفتیشی نے جواب دیا کہ ملزم شاہ نواز کے والدین سے تفتیش کرنی ہے ۔ عدالت نے ملزم کے والدین کی وارنٹ گرفتاری کیلئے پولیس کی درخواست بھی منظور کر لی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے چک شہزاد میں واقع اپنے فارم ہاﺅس پر بیوی کو قتل کر دیا تھا ، واقعہ کی اطلاع پولیس کو ملزم کی والدہ نے دی جو کہ صحافی کی سابق اہلیہ ہیں تاہم وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ہی رہ رہی تھیں ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -