وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد کیلئے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں، ایک بندہ نہیں دیں گے ، شوکت یوسفزئی

وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد کیلئے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں، ایک بندہ نہیں دیں ...
وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد کیلئے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں، ایک بندہ نہیں دیں گے ، شوکت یوسفزئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اسلام آباد کے لیے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں، اسلام آباد میں کون سے دہشتگرد آرہے ہیں جس کے لیے سکیورٹی طلب کی جا رہی ہے، ہم ان کو ایک بندہ نہیں دیں گے ۔

 نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے وفاق کو سیکیورٹی فورس فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی ہمارے صوبے کے لیے ہے، وفاق کو نہیں دیں گے، خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں، سکیورٹی کی زیادہ ضرورت یہاں ہے، صوبے کی سیکیورٹی ہم خود کر رہے ہیں، وفاق نے کوئی مدد نہیں کی،  پاک افغان سرحد پر مسائل کو دیکھنا وفاق کا کام ہے  وہ بھی ہم کر رہے ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ نے شہبازشریف کے ساتھ مل کر ماڈل ٹاؤن میں جو کیا وہ یہ دہرانا چاہتے ہیں، دھمکیاں دی جا رہی ہیں، راناثنااللہ آپ سیاسی ورکر ہیں یا کسی گینگ کے سربراہ ہیں؟صوبائی وزیر نے کہا کہ جمہوری احتجاج کو روکنے سے اس کے نتائج انتہائی خطر ناک ہوں گے،   آپ کی حکومت صرف27کلو میٹر پر محیط ہے، پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے، آپ یہ نہ سوچیں کہ ہم پر چڑھائی کریں گے، اسلام آباد کے چاروں طرف سے ہماری حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عدلیہ سے بڑی توقعات ہیں، وزیر داخلہ سیاسی لوگوں کو جس طرح دھمکیاں دے رہے ہیں عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، یہ سکیورٹی مانگ رہے ہیں ہم ان کو ایک بندہ بھی نہیں دیں گے۔

یاد رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چند روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے لیے صوبوں سے پولیس مانگی ہے، اگر صوبوں نے پولیس فراہم نہ کی تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔