لاہور (پ ر)فلسطین میں گزشتہ دو سالوں سے جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف، جماعت اسلامی لاہور کی جانب سے 4 اکتوبر کو تاریخی غزہ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ یکم تا 7 اکتوبر کو ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا جائے گا۔ اس ضمن میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی زیر صدارت غزہ مارچ کی انتظامی کمیٹیوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں بھرپور تیاریوں اور بھرپور شرکت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ فلسطین میں نہتے بچوں، خواتین اور معمر افراد پر بمباری، اسپتالوں اور اقوام متحدہ کے کیمپس کو نشانہ بنانا اسرائیلی بربریت اور انسانیت کی تذلیل کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، مسلم اْمہ اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کوبطور خودمختار ریاست تسلیم کیا جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، ملک شاہد اسلم، ڈپٹی سیکرٹریز عبدالعزیز عابد،عامر نثار خان، مرزا شعیب یعقوب، قیصر شریف، شاہد نوید ملک سمیت دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ شرکاء نے غزہ مارچ کو لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا اور مؤثر مارچ بنانے کا عزم کیا۔