اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ خوریف نے پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ آزاد ممالک کا حق ہے کہ وہ اپنے باہمی تعلقات کو بڑھائے۔ روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے سفارتخانے میں پریس کانفرنس میں کہا کہ روس، پاکستان سعودی دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، آزاد خودمختار ممالک جن شعبہ جات میں دلچسپی رکھتے ہیں انھیں مضبوط کر سکتے ہیں، اس معاہدے کی ایک وجہ اسرائیل کا قطر پر حملہ بھی ہے۔روس نے پاکستان کے غیر جانبدارانہ مؤقف اور نازی ازم کیخلاف قرارداد کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، سفیر نے کہا پاکستان اور روس عالمی و علاقائی امن کیلئے موقف میں ہم آہنگ ہیں۔ روس یوکرین تنازع میں پاکستان کی غیر جانب داری کو سراہتا ہے، جس نے مسلسل اس تنازع کے سفارتی حل پر زور دیا، پاکستان کا یوکرین تنازع پر موقف روسی موقف سے ہم آہنگ ہے۔ یوکرین امن چاہتا ہے تو نیو نازی پالیسیوں اور روسی زبان پر مظالم ختم کرے، صدر پیوٹن اور زیلینسکی کی ملاقات بنیادی مسائل کے حل کے بعد ہی ممکن ہے، اقوام متحدہ مغربی دبا ؤمیں آ کر دوہرا معیار اپنا رہا ہے۔روسی سفیر نے امریکا کی افغانستان میں بگرام ایئر بیس کے حصول کی خواہش کی مخالفت کی، اور کہا امریکا کو افغان عبوری حکومت کے 10ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں کو بحال کرنا چاہیے۔روسی سفیر نے پولینڈ پر ڈرون حملوں سے روسی حملے کی تردید کی، اور کہا کہ اس حملے کی شفاف تحقیقات کے لیے ماسکو تیار ہے، روس پولینڈ یا کسی بھی نیٹو ممالک سے کشیدگی بڑھانے کے حق میں نہیں ہے۔
روسی سفیر