ریاض،اسلام آباد،کراچی (آئی این پی) سعودی عرب نے اپنا 95واں قومی دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا یا، اس موقع پر ملک کی اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو قومی پرچموں سے سجا یاگیا جبکہ مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا،ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی،یوم الوطنی کے موقع پر سعودی شہروں میں پرچم لہرائے گئے اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔پاکستان میں بھی سعودی عرب کا قومی دن بھرپور انداز سے منا یا گیا، وفاقی دارالحکومت کو سجا دیا گیا تھا۔اسلام آباد کی اہم عمارتیں اور شاہرائیں سبز رنگ کی روشنیوں سے مزین، چاروں طرف سبز رنگ کی روشنیوں میں نہائی عمارتیں نہایت خوبصورت منظر پیش کرنے لگیں۔شاہراہ دستور، سری نگر ہائی وے، قائد اعظم ایونیو اور فیصل ایونیو پر لگی سبز لائٹوں نے بھی شہر میں سما باندھ دیا۔شاہراہ دستور اور سری نگر ہائی وے پر وزیر اعظم، سعودی فرمانروا، ولی عہد اور فیلڈ مارشل کی تصاویر والے سٹیمرز بھی آویزاں کئے گئے ڈی چوک پر بھی شہباز شریف، شاہ سلمان، محمد بن سلمان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصاویر والی ہورڈنگز نصب کئے گئے۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کو ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت کی بنیاد پر قائم ہیں، سعودیہ میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی موجودگی کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارا مضبوط روحانی تعلق ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریاض کے حالیہ دورے کے دوران انہیں اور پاکستانی وفد کو ملنے والا والہانہ استقبال اور محبت بھری مہمان نوازی باعثِ فخر ہے۔انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔
سعودی عرب