سیلاب کے نقصان کی تحقیقات، متاثرین بحالی، آئندہ بچاؤکیلئے اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی کمیٹی قائم 

Sep 24, 2025

                                                            لاہور(این این آئی)حالیہ سیلاب سے نقصانات کی تحقیقات،متاثرین کی بحالی کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے اور آئندہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے سفارشات مرتب کرنے کیلئے اعلی اختیاراتی پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی۔پیپلز پارٹی کے سید علی حیدر گیلانی کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی میں 24اراکین اسمبلی شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔کمیٹی تیس دن میں اپنی رپورٹ مرتب کر کے پیش کر ے گی۔بتایا گیا ہے کہ کمیٹی سیلاب سے زراعت،لائیو سٹاک،انفراسٹرکچر کے نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کے نقصان کا تخمینہ لگائے گی،کمیٹی سیلاب میں انسانی جانوں کے ضیاع کے اسباب و عوامل کا جائزہ لے گی اورمتاثرہ افراد کی بحالی کے بارے سفارشات مرتب کر ے گی۔کمیٹی سیلاب میں سرکاری محکموں کی کارکردگی اور انتظامی امور پر بھی غور اورمستقبل میں سیلاب سے بچاؤ کے لئے تدابیر بھی تجویز کر ے گی، سیلاب میں پنجاب اور وفاق کے درمیان کوارڈی نیشن کے بارے بھی معلومات حاصل کرے گی،سیلاب سے قبل وارننگ سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات تجویز کرے گی، تیس دن میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔کمیٹی کسی بھی ماہر کو اجلاس میں طلب کرسکے گی۔

سیلاب کمیٹی 

مزیدخبریں