سوات(بیورورپورٹ) سوات سٹی کونسل کے میئر شاہد علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے خیبر پختونخوا میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لئے ایک مضبوط اور فعال بلدیاتی نظام متعارف کرایا تھا لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کرکے اس نظام کو کمزور کر دیا اور عوامی نمائندوں سے اختیارات واپس لے لئے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ پریس کلب کا دورہ بھی کیا اور ادارے کی بحالی کے لئے مقامی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ صدر نیاز احمد خان اور جنرل سیکرٹری شفیع اللہ نے انہیں نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی، شاہد علی خان نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے لئے امن کا قیام ضروری ہے، مٹہ میں ہزاروں افراد پر مشتمل امن پاسون کے کامیاب انعقاد پر سوات قومی جرگہ کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سوات کے عوام مزید فوجی آپریشن نہیں چاہتے بلکہ وہ امن کے قیام کے لئے متحد ہیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے نام پر عوامی املاک کو مسمار کیا گیا اور سوات کی سیاحتی شناخت کو نقصان پہنچایا گیا، امن اور تجاوزات آپریشن کے نام پر عوام پر ظلم کیا گیا جس کے خلاف 26 ستمبر کو کانجو میں بڑا امن پاسون ہوگا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے، عوامی مسائل دہلیز پر حل کرنے کے لئے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے اس لئے صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق بلدیاتی اداروں کو مضبوط اور فعال بنائے۔