پولیس کی اچھی کارکردگی پر تعریف بھی ہونی چاہئے،ڈی پی او 

Sep 24, 2025

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)ضلعی پولیس سربراہ سجاد احمد صاحبزاہ نے کہا ہے کہ معروف تاجر رانا محمد اسلم اور ان کے منشی کے قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری محکمہ پولیس کےلئے نیک نامی کا باعث ہے، مشکور ہوں کہ مرکزی انجمن تاجران نے پولیس پر اعتماد کرتے ہوئے ایک خوبصورت ترتیب دیکر محکمہ پولیس کا حوصلہ بڑھایاہے، رانا محمد اسلم قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے مقامی پولیس اور بالخصوص ڈی ایس پی سٹی سرکل حافظ محمد عدنان تعریف کے قابل ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن ڈیرہ میں مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام معروف تاجر رانا محمد اسلم اور ان کے منشی قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری اور الجنت موبائل شاپ کی ڈکیتی کے ملزمان اور موبائلزکی برآمدگی پر محکمہ پولیس ڈیرہ کے حق میں منعقدہ پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں کیا، اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی سرکل حافظ محمد عدنان ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر سہیل احمداعظمی ، سینئر نائب صدر چوہدری جمیل احمد، جنرل سیکرٹری حاجی رمضان ، شیخ مجید احمد، محمود خان،عبداللہ خان ،،حاجی غلام سبحانی ، خالد حسین ، خلیل نمبردار، علی حیدر، محمد زیشان ، حسیب اللہ ،شیر محمد، حاجی امان اللہ،محمد سعید،ریحان ، خالد خان ، حاجی یٰسین ، حاجی طاہر شریف، محمد خان نیازی، چوہدری ریاض ، عرفان بیٹنی ، حریر خان ، طفیل خان سمیت سابق ایم پی اے عبدالحلیم قصوریہ ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر قیضار خان میانخیل ، ڈیرہ پریس کلب کے صدر یٰسین قریشی،شعیب گنگوہی ، ملک عبدالرشید دھپ ، ملک اکرام خان ایسرو دیگر شریک تھے ، اس موقع پر تاجر رہنماﺅں نے ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ ، اے ایس پی سٹی علی حمزہ بٹ، ڈی ایس پی سٹی حافظ محمد عدنان اور عبدالحلیم قصوریہ کو اپنی جانب سے شیلڈز سے نواز ا اور علاقے کی روایتی لنگیاں پہنائیں، سہیل احمد اعظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدھر پولیس پر تنقید ہوتی ہے تو وہاں پر پولیس کی اچھی کارکردگی پر تعریف بھی ہونی چاہئے، رانا محمد اسلم اور ان کے منشی کے قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری اسی طرح الجنت موبائل پر ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری پر مقامی پولیس مبارکباد کی مستحق ہے، جس سے عوام کا پولیس پر اعتماد بڑھاہے، ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور پولیس کی ویلفیئر کےلئے دن رات کام کررہے ہیں ، پولیس لائن ، مختلف تھانہ جات، ڈی پی او آفس سمیت دیگر دفاتر کی تعمیر کا کام شروع کررہے ہیں ، ٹینڈرز ہو چکے ہیں، انگریز حکومت کے بعد پہلی مرتبہ آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید اور آرپی او ڈیرہ سید اشفاق انور کی خصوصی دلچسپی سے پرانے تھانہ جات اور دفاتر کی جگہ نئی عمارات تعمیر کی جا رہی ہیں ، یقینا اس کے فائدے عوام کو ہیں ، ڈی ایس پی سٹی سرکل حافظ محمد عدنان نے کہاکہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت پولیس کی ڈیوٹی میں شامل ہے، ہم نے رانا اسلم قتل کیس ، الجنت موبائل شاپ ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری کرکے اپنی ڈیوٹی پوری کی ہے،جن درندوں نے یہ ظلم کئے آج وہ پولیس کی پکڑ میں آچکے ہیں، اب تک جتنی وارداتیں اور جرائم ہماری حدود میں ہوئے ان میں سے تقریباً تمام ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں ، برآمدگی ہوچکی ہے اور کچھ ملزمان ٹریس ہو چکے ہیں ، جن کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائےگا ، ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی آمد پر مرکزی انجمن تاجران کے قائدین نے ان کا استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کرکے ان کو ہار پہنائے۔ 

مزیدخبریں