امریکی سفیر کا بروقت بیان

امریکی سفیر کا بروقت بیان

پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وضاحت کی ہے کہ امریکہ پاکستان کے انتخابات میں کسی کا حامی یا مخالف نہیں ہے۔ امریکہ صاف ستھرے اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے حق میں ہے، امریکی سفیر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہم کسی پارٹی یا کسی فرد کے حمایتی نہیں اور نہ ہی ہمیں انتخابات کے نتائج سے کوئی غرض ہے۔ سفیر نے یہ خواہش ظاہر کی کہ یہ انتخابات پُرامن ہوں کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہوں ۔

کسی بھی ملک میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے ڈپلومیٹ کو حالات پر نظر رکھنا اور یہ جائزہ لینا ہوتا ہے کہ اس کے ملک کے بارے میں کیا خیالات پائے جا رہے ہیں۔ امریکی فوجوں کی افغانستان میں موجودگی اور عالمی سطح پر مداخلت کے باعث پاکستان میں امریکہ کے بارے میں مختلف النوع خیالات پائے جاتے ہیں۔ امریکہ کی مخالفت زیادہ ہے اور انتخابی مہم کے دوران بھی امریکی غلامی کا طعنہ دیا جاتا ہے اور اس سے نجات دلانے کے وعدے کئے جا رہے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات زیادہ شدید ہو رہے ہیں توکوئی مبالغہ نہیں ہو گا ایسے میں امریکی سفیر کے وضاحتی بیان سے ظاہر ہے کہ وہ حالات سے باخبر ہیں اور اِسی لئے یہ بیان جاری کرنا پڑا ہے۔ اِس لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ اچھی سفارت کاری ہے اور قابل سفارت کار کے طور پر حالات کا جائزہ لے کر بیان جاری کیا گیا۔  ٭

مزید : اداریہ