لاہور کے متعدد سابق ناظمین تحریک انصاف میں شامل،اقتدارمیں آکر90دن میں بلدیاتی نظام بحال کردینگے :عمران خان

لاہور کے متعدد سابق ناظمین تحریک انصاف میں شامل،اقتدارمیں آکر90دن میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app



لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایم پی اے ، ایم این اے کا کام قانون سازی کرنا ہے سڑکیں گلیاں بنانا ہیں، اقتدار میں آکر 90 دن میں بلدیاتی نظام بحال کروا کر اختیارات لوکل گورنمنٹ کو منتقل کردیں گے، قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کو آگے بڑھاتے ہوئے نیا پاکستان بنائیں گے، سرکاری فنڈ کو ماضی میں سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا گیا قانون سب کے لئے یکساں ہے، ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صوبائی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے سابق ناظمین اور نائب ناظمین کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ ماضی میں اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا سابق وزیراعلیٰ نے سارا فنڈ اپنے اختیار میں رکھ کر بادشاہی کرتے رہے، اور اس عوام کے فنڈز کو عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرنے کے بجائے سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا، پاکستان میں تھانہ کچہری کی سیاست کے خاتمے کے لئے پرانے نظام کو بدلنا ہو گا ، جب تک گاﺅں کے لوگوں کو تعلیم وصحت اور بنیادی سہولتیں نہیں دی جائیں گی تب تک کسان خوشحال نہیں ہوں گے ملک خوشحال نہیں ہو سکتا، اس لےے ہم اوورسیز پاکستانیوں کو گاﺅں سکیم متعارف کروائیں گے جو لوگ ان گاﺅں میں ترقیاتی کام کروائیں گے اس گاﺅں کو ان کے نام کے ساتھ منسوب کردیا جائے گا، ہمارے ملک میں حکمرانوں نے پرانے انگریز دور کے نظام کے تحت غلام بنائے رکھا ہوا ہے اور خود ان کے اپنے بچے پروٹوکول کے ساتھ گھوم پھر رہے ہیں اقتدار میں آکر تحریک انصاف عوام کو غربت کی دلدل سے نکالے گی، بلدیاتی نظام کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی نظام بہت اچھا نظام تھا جس کو ختم کردیا گیا، حالانکہ نظام کے تحت جو عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل ہوئے تھے مگر عوام کے لئے کچھ نہیں سوچا گیا، تحریک انصاف اقتدار میں آکر 90 دن کے اندربلدیاتی انتخابات کروا کر ان کو اختیارات سونپے گی، پرویز مشرف کی والدہ بیرون ملک میں بیمار ہیں، مشرف کو ملاقات کے لئے وہاں جانا چاہیے اس بارے میں سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ قانون سب کے لئے یکساں ہے اور ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، تحریک انصاف کسی ایسی سیاسی جماعت جس نے گزشتہ 5سال میں اقتدار کا حصہ رہیں ان کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔

شیخوپورہ، شاہ کوٹ،پتو کی (بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی) پاکستان اتحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریفوں اور زرداریوں کے پاکستان کے نہتے عوام پر مختلف محکموں کے ذریعے مظالم ڈھانے کے دن ختم ہو چکے ہیں وہ گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلہ میں قائد اعظم سپورٹس کمپلیکس میںمنعقد ہونے والے جلسہ عام خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت گیا جب یہ دونوں پارٹیاں اپنے اپنے دور اقتدار میں مختلف محکموں کے ذریعے ڈرا دھمکا کر ،خوف و ہراس پھیلا کے لوگوں کو وفا داریاںتبدیل کرنے پر مجبور کر دیا کرتے تھے ۔ہم انشاءاللہ تعالی گیارہ مئی کا سورج طلوع ہونے کے ساتھ اس فرسودہ اور استحصالی نظام کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے واصل جہنم کر دیں گے اور ایک ایسا بلدیاتی نظام ملک بھر میں یکساں طور پر نافذ کریں گے جس کے ماتحت پولیس ، تعلیم کی فراہمی ، ٹیکسوں کی وصولی ، بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی سمیت تمام دیگر ڈیپارٹمنٹس کام کریں گے جس سے لوگوں کو اپنی دہلیز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو گی اور لوگ اپنے منتخب نمائندوں کے پیچھے ذلیل و خوار ہو کر سفارشی پرچیاں لینے پر مجبور نہیں ہوں گے ہماری بد قسمتی ہے کہ زرداری اینڈ شریف کمپنی نے اپنے اپنے دور اقتدار کے دوران محض اس لئے اس وقت رائج بلدیاتی نظام کو چلنے نہیں دیا کہ کہیں اگر یہ نظام کامیاب ہو گیا تو ان کی کٹ پتلی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم نہ ہو جائے ۔ مملکت خداداد پاکستان کو اللہ رب العزت نے ہر قسم کے قدرتی وسائل سے نوازا ہوا ہے ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ صاف نیت کے ساتھ ملکی ترقی کے لئے ان وسائل کو بروئے کار لایا جائے اس موقع پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 135،پی پی 170اور پی پی 171سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری محمد ارشد ساہی ، سجاد حیدر رندھاوااور سردار افتخار احمد ڈوگر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔علاوہ ازیں شیخوپورہ کے نواز شریف پارک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا ہے کہ 11 مئی کا سورج تحریک انصاف کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا،قوم نے سابق حکمرانوں کو آزما لیا اور اب باری ہماری ہے، نوا ز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ آئے اورمیڈیا پر مجھ سے مناظرہ کرے کہ 6مرتبہ اقتدار میں رہ کر قوم کو کیا دیامگر وہ میرا سامنا ہر گزنہیں کریں گے کہ انکے پاس کوئی ایسی کارکردگی ہے ہی نہیں کہ جسے وہ عوام کے سامنے پیش کرسکیں، انکے اپنے اثاثے غیر ممالک میں ہیں اور ایسے میں وہ امریکہ کی مداخلت کا خاتمہ کی بات کرنے کے اہل نہیں، سابق حکمرانوں نے پاکستان کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، (ن) لیگی قائدین نے انتقامی سیاست پروان چڑھا کر اپنے سیاسی حریفوں کو پولیس کی مدد سے زبردست استحصال کا نشانہ بنایا، ہسپتالوں میں ادویات نہ ملنے پر مریض تڑپ تڑپ کر مرتے رہے، قبضہ مافیا اور بھتہ خوری انکا وطیرہ رہی، نظام تعلیم کو موثر بنانے کی بجائے دانش سکولوں کی آڑمیںکرپشن کی ، بلدیاتی نظام سے راہ فرار اختیار کی، لیب ٹاپ کو سیاسی رشوت کے طور پر تقسیم کرکے نوجوان نسل کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی گئی، خواتین کے حقوق کی فراہمی بیان بازی تک محدود رہی، 18ویں آئینی ترامیم کے تحت صوبوںکو بجلی پیدا کرنے کا حق حاصل تھا مگر پنجاب کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر اس طرف توجہ نہیں دی اورتمام تر ریاستی سرمایہ غیر موثر منصوبوں پر ضائع کیا ، اسی طرح پیپلز پارٹی نے بھی ملک و قوم کو محرومیوں کی دلدل میںدھکیلااور عوامی سرمایہ کا بے دریغ ضیاع اور اقرباءپروری و کرپشن کو رواج دیامگر اب قوم جاگ چکی ہے اور اب انکے دھوکے میں نہیں آئے گی، اس موقع پر پی ٹی آئی کے تنظیمی رہنماﺅں و نامزد پارٹی امیدواروں کنور عمران سعید ، چودھری شفقت علی کجر، چودھری ابوبکر مشتاق ورک ، میاں محمد شفیق اشرفی، چودھری انیس ریاست ورک، چودھری فیض الرسول گجر، چودھری شاہنوا ز سرائ، چودھری معراج خالد گجر، چودھری محمد یعقوب بلہڑکے، احمد معین سندھو سمیت بزرگ رہنما چودھری مشتاق ورک آف کلہ، شیخ طارق، شیخ احسن حبیب و دیگر پارٹی رہنماﺅں اورسول سوسائٹی کے لوگ موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -