عوام 11مئی کو بلا اور تیر دفن کردیں ،شہبازشریف

عوام 11مئی کو بلا اور تیر دفن کردیں ،شہبازشریف

خانیوال (خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما شہبازشریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے پانچ سالہ دور میں کرپشن اورلوٹ مار ہوئی،5سال کراچی میں قبضہ گروپ اور بھتہ خوروں کاراج رہا،تیراوربلامل چکاہے،دونوں ایک ہی زبان سے ایک ہی بات کرتے ہیں، 11مئی کو تیر اور بلا دونوں کو دفن کرنا ہوگا۔ خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھاکہ پی پی حکومت نے لوٹ مارکا بازار گرم کئے رکھا،ملتان میں سابق وزیراعظم نے50ارب کے فنڈزلگائے جونظرنہیں آتے،50ارب کے فنڈزمیں کرپشن اورلوٹ مارہوئی،5سال میں کسانوں کیلئے بجلی بندکردی گئی،کھادکی خریدوفروخت میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔شہبازشریف کا کہنا تھاکہ ہم نے پنجاب کے عوام کوبسیں چلاکرسہولتیں دیں،میٹروبس میں عام آدمی سفرکرتے ہیں جس سے ان کے پیٹ میں مروڑاٹھتاہے،ہم نے جہاز، ہیلی کاپٹر،سائیکل، گاڑی پرپہنچ کرسیلاب زدگان کی مددکی،2011ءمیں ڈینگی سے کئی افرادکاانتقال ہوااور2012ءمیں ایک کابھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ غربت کاخاتمہ کرناہے،صنعتوں کودوبارہ چلاناہے تونوازشریف کوووٹ دیناہوگا،انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڑھائی سال میں ملک بھرسے اندھیرے ختم کردیں گے،نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اپناکھویاہوامقام واپس حاصل کریگا۔

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد ہونا چاہیے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سمندر پار پاکستاانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو ہر سال اربوں ڈالر کا زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو ہم ان کے لیے ملک میں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کریں گے۔ اور بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ترغیب دیں گے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات کا کم از کم 50 فیصد منافع بخش سرمایہ کاری میں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو صنعتی زونز میں ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ دی جائے گی۔ ہم مختلف شعبوں میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی تربیت کے لیے غیر ملکی ماہرین کے بجائے اوورسیز پاکستانی ماہرین کو ترجیح دیں گے۔ نواز شریف نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سمندر پار پاکستانیوں کی جائیدادوں کو قبضہ مافیا سے مکمل تحفظ فراہم کرے گی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کی قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کے جائیں گے۔

مزید : صفحہ اول