ایم کیوایم کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کیلئے سازش کی جارہی ہے : رضاہارون
ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ روزانہ ساتھیوں کے جنازے اُٹھارہے ہیں ، ایم کیو ایم کے خلاف سوچی سمجھی سازش کی جارہی ہے تاکہ وہ انتخابی عمل سے باہر ہوجائے۔پریس کانفرنس سے خطاب میں رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کیساتھ جو دہشت گردی کراچی میں کی جارہی ہے وہ زیادہ اہمیت اختیار کرگئی ہے، اور کہا جارہا ہے کہ انتخابی مہم چلائیں، ان حالات میں انتخابی مہم نہیں چلائی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام بڑی سیاسی جماعتیں جلسے کررہی ہیں، ایم کیو ایم اور اے این پی کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن حملوںپر تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذمت تک نہیں کی جاتی کہ کہیں ان کے انتخابی جلسے خراب نہ ہوجائیں۔ رضا ہارون کا کہنا تھا کہ جن دہشت گردوں کو کارروائی پر یہ جماعتیں چپ ہیں، کل انہیں بھی دہشت گرد اپنا نشانہ بناسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ان کارروائیوں کو روکنے کے لئے بااختیار الیکشن کمیشن اورنگران حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔