فلم بینوں کی توقع کے مطابق باغی کو ڈیزائن کیا ،ٹائیگر شروف اور صابر خان

فلم بینوں کی توقع کے مطابق باغی کو ڈیزائن کیا ،ٹائیگر شروف اور صابر خان
 فلم بینوں کی توقع کے مطابق باغی کو ڈیزائن کیا ،ٹائیگر شروف اور صابر خان

  

لاہور(فلم رپورٹر)بالی وڈ کی نئی فلم ’’ باغی‘‘ انتیس اپریل کو آئی ایم جی سی کے تعاون سے پاکستانی سنیماؤں کی زینت بن رہی ہے۔ فلم کی تشہیر کیلئے ڈسٹری بیوشن کلب نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں ویڈیو پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں ممبئی سے اداکارٹائیگر شیروف اور ڈائریکٹر صابر خان نے پاکستانی صحافیوں کے ساتھ براہ راست گفتگو کی جبکہ باغی کی ہیروئن اداکارہ شردھا کپور علالت کے باعث شرکت نہ کرسکیں۔ ٹائیگر شیروف کا کہنا تھا کہ باغی ایک انتہائی دلچسپ کہانی پر مبنی فلم ہے جس میں وہ مارشل آرٹس کے ماہر لڑاکے ’’رونی ‘‘جبکہ شردھا’’ سیا‘‘ کا کردار نبھا رہی ہیں ۔ دونوں کے پیار میں جب رکاوٹ آتی ہے تو وہ سسٹم کے خلاف بغاوت کردیتے ہیں۔ ٹائیگر شیروف کا کہنا تھا کہ وہ ہریتک روشن کو آئیڈیل مانتے ہیں اور انکے جیسا ڈانس ، ایکشن اور ڈرامائی سین عکسبند کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اپنی ساتھی فنکارہ شردھا کپور کے متعلق انکا کہنا تھا کہ وہ سکول اور کالج کے زمانے سے ڈانس اور ایکٹنگ کی چیمپئن ہیں اور ہر ایوارڈ حاصل کیا کرتی تھی۔ سٹار بننے کے بعد بھی اس میں کوئی نخرہ نہیں آیا۔ٹائیگر شیروف کا کہنا تھا کہ انکی خواہش ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے پیار کا بدلہ دس گنا زیادہ پیار سے دیں۔ اگلی فلم ’’ فلائننگ جٹ‘‘ کی تشہیر کیلئے پاکستان بھی ضرور آؤں گا۔ فلم کے ڈائریکٹر صابر خان نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ یہ فلم پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کی عوام کو بھرپور تفریح فراہم کرے گی کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام کے جذبات اور حالات یکساں ہیں۔ انکا کہنا تھاکہ پہلی فلم ’’ ہیرو پنٹی‘‘ میں انہوں نے’’ آنر کلنگ‘‘ کا مسئلہ اجاگر کیا تھاجبکہ باغی فلم لڑائی کے ایک دم توڑتے فن کی اہمیت کو اجاگر کرے گی۔ صابر خان کا کہنا تھاکہ وہ فلمیں دیکھتے اور بناتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں اور فلم بین کے توقع کے عین مطابق انہوں نے باغی کو ڈیزائن کیا ہے تاکہ یہ فلم پوری فیملی کو تفریح فراہم کر سکے ۔ انہوں نے پاکستانی فنکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کے بعد اب فلمیں بھی بھارتی عوام کے دل جیت رہی ہیں۔ ویڈیوکانفرنس کی میزبانی سینئر صحافی طاہر سرور میر اور شیخ عابد نے کی جبکہ اسکی تکنیکی سہولت احمد فراز نے مہیا کی۔ ویڈیو کانفرنس کے آخر میں ٹائیگر شیروف نے اپنے فینز سے بھی گفتگو کی جبکہ ان کے ایک فین نے انہیں باغی فلم کا گیت سنا کر حیران کردیا۔

مزید : کلچر