عمران خان عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں ترک کر دیں ، الزام خان کی سیاست عوام پہلے ہی مسترد کر چکے :زعیم قادری
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت کے ترجمان اوررکن پنجاب اسمبلی زعیم قادری نے کہا ہے کہ عمران خان نے اورنج لائن میٹروٹرین اور کسان پیکج کی مخالفت کر کے ذہنی پسماندگی کا ثبوت دیا ، عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں ترک کر دیں کیونکہ الزام خان کی سیاست کو عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل’’نیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاست چھوڑ کر شوبز کا راستہ چن لیں تاکہ وہ وزیراعظم بننے کا خواب کسی فلمی کردار کے ذریعے پورا کر سکیں، عمران خان کو ملکی خوشحالی اور ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور تحریک انصاف کی پوری حکومت پشاور کے چوہے مارنے میں لگی ہوئی ہے جبکہ عمران خان عوام کو نیا پاکستان بنانے کا جھانسہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان الزامات کی ڈیڈ پچ پر اننگز کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ناکامی ان کا مقدر بن چکی ہے۔عمران خان 400 کنال کے محل میں رہ کر غریب آدمی کی بات کرتے ہیں۔