دیہی علاقوں کے 65فیصد افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے

دیہی علاقوں کے 65فیصد افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے

راولپنڈی (این این آئی)پارلیمانی سیکرٹری زراعت پنجاب رانا اعجاز احمد نون نے کہا ہے کہ پنجاب کی کل آبادی کا 45فیصد جبکہ دیہی علاقوں کے 65فیصد افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے، ملکی برآمدات کا 63فیصد انحصار بھی زراعت پر ہے ، اہم فصلوں کی مجموعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 70فیصد ہے۔اسی طرح گندم کا 76فیصد، کپاس 74فیصد ، دھان 56فیصد ،گنا 65فیصد ، مکئی 78فیصد ،سٹرس95فیصد اور 66فیصد آم کی پیداوار صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتی ہے ۔اس طرح صوبہ پنجاب ملک میں فوڈ سیکیورٹی اور غربت کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کر تا ہے ۔ایک انٹرویو میں رانا اعجاز نون نے کہا کہ پنجاب حکومت کے کسان دوست اقدامات سے گزشتہ چند سالوں میں اہم فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا زراعت حکومت کی ترجیحات میں سرِفہرست ہے اس لئے وفاقی حکومت نے بھی اہم فصلوں خاص طورپر کپاس، گندم اور دھان کی پیداوار میں اضافہ اور بہتر مارکیٹنگ کیلئے موثر منصوبہ بندی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ۔

زرعی ماہرین اور کاشتکار اس سلسلہ میں اپنی سفارشات تیار کر کے حکومت کو ارسال کریں گے۔

مزید : کامرس