پاسپورٹ کے حصول میں دشواری ، ایجنٹوں کے مطالبات ، حج کے خواہشمند مایوس

پاسپورٹ کے حصول میں دشواری ، ایجنٹوں کے مطالبات ، حج کے خواہشمند مایوس

 لاہور(افضل افتخار)حج کے خواہش مند پاکستانیوں کو پاسپورٹ حکام کی سست روی سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور درخواستیں جمع کروانے کی تاریخ قریب آنے کے باوجود وہ پاسپورٹ کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس میں پاکستان سروے کے مطابق 26اپریل کو حج درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ ہے جس کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد یا تو نئے پاسپورٹ بنوانے یا تجدید کے مشکل مراحل کا سامنا کررہی ہے جبکہ پاسپورٹ کے حکام ایجنٹ مافیا کی ’’خدمت گزاری‘‘ کے علاوہ عام شہریوں کو انتظار کی سولی پر لٹکانے کے ساتھ ساتھ لمبی لائنوں اور بے جا اعتراضات لگا کر ٹرخا رہے ہیں۔ بزرگ شہری متین احمد نے روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ بیت اللہ کی زیارت کی خواہش ہے صحت بھی ساتھ نہیں دے رہی لیکن پاسپورٹ دفتر میں محکمے کی اہلکاروں کے رویے نے تو مجھ جیسے لوگوں کو جیتے جی مار دیا ہے بڑے افسران تک ہماری پہنچ نہیں ایجنٹ بھی پیسے مانگتے ہیں۔ ثریا نے بتایا کہ روز لائنوں میں لگا کرچھوٹا سا اعتراض لگا کر واپس بھیج دیتے ہیں ڈائریکٹر ٹھنڈے کمرے میں بیٹھا ہے انہیں کیا پتہ پورا عملہ ایجنٹوں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔ طالب علم شرجیل نے کہا دو دن سے والد کے پاسپورٹ کے لئے دھکے کھا رہا ہوں تعلیم کا خرج ہو رہا ہے میری فریاد کون سنے گا۔ اجمل چیخ پڑا کہ پاسپورٹ کے لئے ملنے والا سرکاری فارم بھی بلیک میں بیچا جا رہا ہے حالانکہ فارم کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خاموش بیٹھ کر اس گناہ میں شریک ہیں۔ ماجد، حسن ، عدنان، عقیل، عمران سمیت دیگر نے کہا کہ ایجنٹ سرعام پیسے مانگتے اور ٹوکن بانٹتے ہیں، لمبی لائن سے بچنے کا واحد طریقہ ایجنٹوں کو پیسے دینے میں ہے آخر کیوں؟ کیا پاسپورٹ حکام ہمارے ٹیکس سے تنخواہیں نہیں لیتے ان کا احتساب کون کرے گا۔ شہریوں نے کہا کہ حکومت نے لوگ ٹی وی پر آکر میرٹ اور انصاف کی بڑھکیں لگاتے ہیں کیا نہیں پتہ نہیں کہ حج سیزن ہے اس میں تو اپنے عملے کا قبلہ درست کر لیں۔ کسی کو خوف خدا نہیں نوجوان شہری راشد نے کہا اگر وزیرداخلہ پاسپورٹ دفتر کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے لیں پتہ چل جائے گا پورے دفتر پر ایجنٹ مافیا کار اج ہے عوام کو صرف تاریخیں، اعتراضات اور لمبی لائنیں ملتی ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس محمد اکر م نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ترجیح بنیادوں پر جلد کام کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں،ٹاؤٹ مافیا کے حوالے سے شکایات کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1