نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی ؐپر چلنا ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین

نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی ؐپر چلنا ہے، ڈاکٹر حسن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ معاف کرنا، برداشت کرنا، محبت کرنا اللہ کے محبوب رسول ﷺ کی مقبول سنت ہے۔نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی ﷺ پر چلنا ہے۔دین کو سمجھنے کیلئے محبت مصطفی ﷺپہلی شرط ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ انسان مقصد بعثت نبویﷺ کو جانے اور اسوہ حسنہ ﷺ پر چلتے ہوئے دین اسلام پر ناصرف عمل کرے بلکہ راہ استقامت اختیار کرے۔وہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام (کینٹ میں) منعقدہ عظیم الشان عظمت مصطفی ﷺ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر پیر خواجہ عامر فرید کوریجہ،علامہ امداد اللہ قادری،بریگیڈیئر(ر) مشتاق احمد، فیاض وڑائچ، حافظ غلام فرید اور شہزاد قادری بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ گروہی اور بین الاقوامی تعصبات کا شکار ہے۔تفرقہ اور مسلکی تعصب کی بنا پر عقائد کو بگاڑنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ ان حالات میں وارثین منبر و محراب کو امت کی رہنمائی کا فریضہ ادا کرنا ہوگا۔اہل علم و دانش کو حوصلہ،برداشت اور ایک دوسرے کے نظریات و عقائد کے احترام کو برقرار رکھنا ہو گا۔ دینی اقدار اور اخلاص پر مبنی تعلیم و تربیت کو عام کرنا ہو گا تاکہ دین کی مٹتی ہوئی اقدار پھر سے زندہ ہو جائیں۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات مقدسہ سے تعلق کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔محسن انسانیت ﷺ نے اخلاق و کردار کا جو معیار دیا ہے اس پر عمل کر کے دنیا کو امن و محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔مسلمانوں کو حضور ﷺ سے محبت کا حق ادا کرنا ہو گا اس سے انہیں دین کا حقیقی شعور اور کردار مصطفوی ﷺ کی جھلک نصیب ہو گی۔دین حق کی سربلندی کیلئے ممکنہ کاوشیں کرنا ہی طریق محمدی ﷺہے۔دین دشمن طاقتیں مسلمان کا اس کے نبی سے تعلق محبت کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ آج محبت رسول ﷺ، محبت صحابہ اور اللہ والوں کی محبت اور بھی ضروری ہو گئی ہے۔ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ دین اسلام کے پیروکار امن اور سلامتی پر یقین رکھتے ہیں اور رہبر انسانیت حضور اکرم ﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت و سلامتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آج امت مسلمہ ترقی اور عروج چاہتی ہے تو رسالت مآب ﷺ سے والہانہ تعلق عشق کو مضبوط کرنا ہو گا۔حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کرنا ہونگے۔آپ ﷺ کی بتائی ہوئی تعلیمات کی اطاعت و پیروی کرنے کیلئے سیرت طیبہ کے تمام پہلوؤں کا مطالعہ کرنا ہو گا۔تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کو حضور ﷺ کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے راغب کررہی ہے تاکہ مسلمانوں کی زندگی کا سکون اور خوشیاں لوٹ آئیں۔ دین مبین کا تقاضہ ہے کہ مسلمان حسن سلوک اور احترام آدمیت کے جذبے کو بیدار کریں۔ سیرت مصطفی ﷺ کی خوشبو سے دنیا کو پیغام امن اور سلامتی دینا ہو گی۔کانفرنس کے اختتام پر سجادہ نشین مٹھن شریف پیر خواجہ عامر فرید کوریجہ نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔