رمضان کی آمداورذخیرہ اندوزی

رمضان کی آمداورذخیرہ اندوزی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو سہولت کے لئے اقدامات شروع کئے اور وزارت صنعت وپیداوار کو رمضان پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ،لیکن منافع خور تاجروں اور سرمایہ داروں نے رمضان میں روایتی لوٹ مار کا بازار گرم کرنے کا سلسلہ ابھی سے شروع کر دیا ہے، تاجر اور سرمایہ دار میدان عمل میں ہیں، چنے اور دالیں ذخیرہ کر رہے ہیں، ذخیرہ اندوزی کے لئے خریداری کے باعث سفید چنے اور دالیں مہنگی ہونا شروع ہو گئی ہیں،جو رمضان المبارک میں مزید مہنگی کر دی جائیں گی۔ یوں برکتوں والے مہینے میں یہ حضرات منافع کی برکتیں سمیٹیں گے۔خبر میں بڑی وضاحت سے طریق کار بتایا گیا ہے۔یوں بھی ہمارے مُلک کا یہ دستور ہے کہ یہاں کسی شے کے نرخ ایک بار بڑھ جائیں تو پھر کم نہیں ہوتے اس کا تجربہ پٹرولیم کے نرخوں میں اضافے اور کمی سے ہو جاتا ہے، اضافے کی آڑ میں جو نرخ بڑھائے گئے وہ کمی کے باوجود کم نہیں ہو سکے اور اب رمضان المبارک میں منافع خوری کا منصوبہ پھر سے بنا لیا گیا ہے۔حکومت کا سارا زور سستے رمضان بازاروں کی طرف ہے ذخیرہ اندوزی اور نرخ بڑھانے کے انداز کو نہیں دیکھا جا رہا۔ یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ابھی سے ذخیرہ اندوزی کا سدِ باب کرے اور پھر پٹرولیم کے نرخوں میں اضافے کو عوام کی طرف منتقل نہ کرے، حکومت کے فرائض میں شامل ہے اور ایسا ہی ہونا چاہئے۔

مزید :

اداریہ -