افغانستان سے دہشتگردوں کا پاکستانی چوکی پر حملہ ، جوابی کارروائی میں 5شدت پسند ہلاک
مہمند ایجنسی/کابل( اے این این )افغانستان سے دہشت گردوں کا ایک بارپھر پاک فوج کی سرحدی چوکی پرمارٹرگولوں سے حملہ،ایک میجراورحوالدارزخمی ، جوابی کارروائی میں پانچ حملہ آوروں کوہلاک کرد یاگیا،ادھرافغان حکام نے سرحدی خلاف ورزی کا روایتی الزام دہراتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ صوبہ ننگرہارمیں دوسرحدی چوکیوں پرپاکستانی اہلکاروں کی فائرنگ سے سرحدی پولیس کاایک اہلکارہلاک اوردوزخمی ہوگئے ہیں ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ہفتہ اوراتوارکی درمیانی شب مہمندایجنسی کی تحصیل بازائی میں زیارت چیک پوسٹ پر سرحدپارسے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر فرخ اور حوالدار عمران خان زخمی ہوئے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیا۔ پاکستانی سیکورٹی فورسزنے بھرپورجوابی کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کوہلاک اورمتعددکوزخمی کردیا۔ حملہ آورواپس فرارہوتے ہوئے اپنے ساتھیوں کی لاشیں ساتھ لے گئے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان کی حدو دسے پاکستانی علاقوں میں شیلنگ کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جس پر پاکستان نے اپنے پڑوسی ملک سے شدید احتجاج کیا تھا۔ دوسری جانب افغا ن حکام نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی فورسز صوبہ ننگر ہار میں ضلع گوشتہ کے علاقے انارگی میں افغان سرحدی پولیس کی دوچوکیوں پرحملہ کیاجس کے نتیجے میں ایک اہلکارہلاک اوردوزخمی ہوگئے ۔یہ دعویٰ بھی کیاگیاکہ پاکستانی فورسزنے ایک چوکی پرقبضہ کرلیاہے ۔