مغلپورہ ، ایم ای ٹی ٹو سوسائٹی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ، عوام عدم تحفط کا شکار

مغلپورہ ، ایم ای ٹی ٹو سوسائٹی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ، عوام عدم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(وقائع نگار) مغلپورہ کے علاقہ ایم ای ٹی 2سوسائٹی میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف اہل علاقہ سراپا احتجاج ،پولیس اہلکار ہمارے ساتھ واردات کے بعد تعاون نہیں کرتے اور متعدد بار تھانہ کے چکر لگانے پر مقدمہ درج کیا جاتا ہے جبکہ کئی بار شکایات کے باوجود علاقہ میں پولیس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے چوروں اور ڈاکوؤں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ۔نمائندہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مغلپورہ کے علاقہ ایم ای ٹی 2سوسائٹی کے مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں چوری و ڈکیتی کی وارداتیں عام ہوتی جا رہی ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے نہایت سرد رویہ سائلین کے ساتھ اپنایا جاتا ہے جس کی وجہ سے واردات کے بعد وہ تھانہ نہ جانے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں ۔علاقہ مکین محمد امین نے بتایا کہ چند روز قبل اس کی فیملی کے ساتھ دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں ایک مسلح شخص نے ان کی ہمشیرہ سے پرس چھین لیا اور بعد ازاں فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا لیکن تاحال اس حوالے سے ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ۔علاقہ مکین اکمل ،ریاض ،جنید ،رفاقت اور دیگر نے بتایا کہ علاقہ میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتیں ہونے کے واقعات عام ہو گئے ہیں لیکن پولیس کی جانب سے علاقہ میں گشت نہیں بڑھایا گیا جس کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔یونین کونسل کے چیئر مین محمد ارشد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے ڈولفن فورس کے 4جوانوں کا علاقہ میں گشت کروانے کے لیے ڈیوٹی لگوانے کی درخواست دی ہے جو کہ چند روز میں کام شروع کر دیں گے جبکہ علاقہ کی ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت علاقہ کے مکینوں سے رقم اکٹھی کر کے علاقہ کی گلیوں میں گیٹ لگوانے اور سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ پولیس کی جانب سے ان کی کوئی مدد نہیں کی جائے گی اور پولیس صرف کاغذی کارروائی ہی کرتی ہے ۔اس حوالے سے تھانہ مغلپورہ میں رابطہ کیا گیا تو پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کی واردات میں امین کی جانب سے درخواست موصول ہو گئی تھی، ان سے تمام معلومات لیکر مقدمہ درج کر دیا جائے گا جبکہ علاقہ میں گشت کا نظام بڑھا دیا گیا ہے تاکہ چوروں اور ڈکیتوں پر نظر رکھی جا سکے ۔

مزید :

علاقائی -