کمیشن کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی،میاں محمود الر شید

کمیشن کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی،میاں محمود الر شید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( نمائندہ خصوصی )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیراعظم نے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی قوم سے جھوٹ بولا اور کمیشن کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی لیکن اب انکو احتساب سے کوئی تدبیر کوئی ملک نہیں بچا سکے گا کیونکہ احتساب اب عوام کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی سٹیڈیم کے باہر اسلام آباد روانگی کے وقت کیا، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ حکومت نے پانا ما لیکس پرجوڈیشل کمیشن کے جو ٹرم آف ریفرنس بنائے ہیں اس کے تحت تحقیقات بے نتیجہ ہونگی۔ بعد ازاں اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کمیشن کیلئے حکومت کی جانب سے بنائے گئے ٹرم آف ریفرنس درست ہیں اور نہ ہی ہمیں قبول ہیں دیگر جماعتیں بھی اسے مسترد اور اس پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں کیونکہ ان ٹی او آر ز کے تحت کمیشن سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو باہمی مشاورت سے نئے ٹی او آر ز بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جلد از جلد تحقیقات چاہتے ہیں لیکن حکومت نے تحقیقات مکمل کرنے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا۔ میاں محمود الر شیدکاکہنا تھا کہ جمہوری معاشرے میں اپوزیشن جلسے کرتی ہے حکومتیں نہیں، حکومتیں اپنے اقدامات کے ذریعے عوام کومطمئن کرتی ہیں لیکن وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے جلسوں کا اعلان ان کی گھبراہٹ کو ظاہرکرتا ہے۔ پارٹی اختلافات سے متعلق ان کا کہا کہ سیاسی لوگوں میں اختلافات معمول کا حصہ ہیں، تحریک انصاف میں کوئی تقسیم نہیں ہے، پارٹی انتخابات کے بعد ہم سب پھر مل بیٹھیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -