تحریک انصاف کا احتجاج، اہم اپوزیشن جماعتوں نے معذرت کر لی

تحریک انصاف کا احتجاج، اہم اپوزیشن جماعتوں نے معذرت کر لی

کراچی(آن لائن)ملک کی اہم اپوزیشن جماعتوں نے عدالتی کمیشن کے حوالے سے تحریک انصاف کے موقف کی حمایت کرنے اور ممکنہ احتجاجی تحریک میں شامل ہونے سے فی الحال معذرت کرلی جبکہ اپوزیشن کے اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پانامہ لیکس اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو عدالتی کمیشن کے قیام کیلیے خط بھیجنے کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے پیپلزپارٹی ،جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کیے گئے ہیں اور ان رابطوں میں پیغام دیا گیا ہے کہ حکومت نے کمیشن کے قواعد و ضوابط پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا ہے اس لیے تمام اپوزیشن جماعتیں اس کمیشن کو مسترد کرنے کا اعلان کریں اور اس معاملے پر مشترکہ طور پر عوامی احتجاج کیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے رابطے کے بعد اہم اپوزیشن جماعتوں نے تحریک انصاف کو آگاہ کردیا ہے کہ اب اس معاملے پر احتجاج ممکن نہیں ہے اور ٹی او آرز کا معاملہ احتجاج کے بجائے حکومت کے ساتھ مذاکرات کرکے حل کیا جاسکتا ہے۔ اہم اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ حکومت نے کمیشن کے قیام کے وعدے کو پورا کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اس معاملے پر حکومت کے خلاف دوبارہ دھرنے دینے پر غور کر رہی ہے تاہم اس دھرنے اور احتجاج پی ٹی آئی کو اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل نہیں ہے۔

تحریک انصاف

مزید : صفحہ آخر