آئی ایم ایف سے چھٹکارا پاکر پاکستانی معیشت کو خود انحصاری پر کھڑا کرنا ہو گا: حافظ سعید

آئی ایم ایف سے چھٹکارا پاکر پاکستانی معیشت کو خود انحصاری پر کھڑا کرنا ہو گا: ...

لاہور (پ ر)جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی سائنس دان ریسرچ کی فیلڈ میں نمایاں کردار ادا کریں۔زراعت کے شعبے کو سودی نظام سے پاک کرنے کی ضرورت ہے ۔آئی ایم ایف سے چھٹکارا پاکر پاکستانی معیشت کو خود انحصاری پر کھڑا کرنا ہوگا ۔مغرب نہیں چاہتا کہ ہم زراعت ،صنعت اور دیگر میدانوں میں اقوام عالم کا مقابلہ کرسکیں۔مغرب کے معاشی نظام کو اپنانے کی بجائے ہمیں اپنے قدموں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ گزشتہ روز فیصل آباد کے مقامی ہوٹل میں دوسری سالانہ انٹرنیشنل ایگرووٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرحافظ محمد سعید کا کہناتھا کہ مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام ختم ہورہاہے ۔اس کی جگہ اسلام ہے جودنیا کوحقوق اور امن وسلامتی دے گا ۔آزادی سے بڑی کوئی نعمت نہیں ۔ریسرچ کے اداروں کو خود انحصاری پر کھڑا ہوناہوگا۔دنیامیں ترقی کی راہ پرچلنے کے لئے ہمیں احساس محرومی اور ذہنی غلامی سے نکل کر اسلام کے اصولوں کے مطابق تمام معاملات کو چلانا چاہیئے ۔اس موقع پر ملک بھر کی مختلف زرعی یونی ورسٹیز کے ڈین ،فیکلٹی ممبرز ،زرعی سائنس دان اورریسرچ اسکالرزموجود تھے ۔کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیرجماعۃ الدعوۃنے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ۔ پاکستان کی 80فیصدعوام زراعت کے شعبہ سے وابستہ ہے ۔ہمارے زرعی سائنس دانوں اور ریسرچ اسکالرز کو سوچنا ہوگا کہ ہم کس طرح مغرب کی غلامی سے نکل کر اسلامی معاشی اصولوں کے مطابق ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف سے قرضے لینا ہماراسب سے بڑ امسئلہ ہے ۔سودی قرض لینے کی وجہ سے قیمتوں کے تعین میں حکمران آئی ایم ایف کے پابندہیں ۔ہمیں اسلامی معاشی اصولوں کو بنیاد بناکر زراعت کے شعبے میں ریسرچ کرنی ہوگی ۔بحیثیت مسلم دنیا کو بتانا ہوگا کہ ہماری شناخت کیا ہے ؟مغرب کے معاشی نظام کو اپنانے کی بجائے اپنے قدموں پر کھڑ اہوناہوگا۔ معیشت ،زراعت اور تمام معاملات کو دین پر استوار کرنا ہوگا ۔کانفرنس کے مختلف سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین فلاح انسانیت فاونڈیشن پاکستان حافظ عبدالرؤف، پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال ڈین فیکلٹی آف وٹرنر ی سائنسز ایگری کلچر یونی ورسٹی فیصل آباد،چیئرمین ایگرووٹ فورم پاکستان پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر ،ایگری کلچر یونی ورسٹی فیصل آباد،پروفیسر ڈاکٹر عمرعلی خان،پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن ،پروفیسر ڈاکٹر احرارالحق ودیگر کا کہنا تھا کہ کسان کمیونٹی کو نت نئی ایجادات اور پیداواری ٹیکنالوجی سے اگاہ کرنا ہوگا ،تاکہ پاکستانی معیشت زراعت کے میدان میں اقوام عالم کا مقابلہ کرسکے۔اس کیلئے ضروری ہے کہ ریسرچ ونگ اور کسان کمیونٹی کے درمیان ہم آہنگی کی فضاء ہو۔ایگری کلچر،ایگری انجینئرنگ اور وٹرنری کی فیلڈ میں ترقی کیلئے پی ایچ ڈی کے ریسرچ سکالرز کو ریسرچ کے لئے نئے آئیڈیاز دینے ہوں گے۔کانفرنس میں مسؤل جماعۃ الدعوۃ فیصل آباد فیاض احمد،پروفیسر ڈاکٹر منصور علی ساہی ،پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق ،پروفیسر ڈاکٹر طاہرصدیقی،پروفیسر ڈاکٹر بلال اسلم ،ڈاکٹر راشد محمود ،ڈاکٹرصابر حسین،ڈاکٹر عبدالوحید،دلشاد احمد،انجیئر حارث ڈار ،ڈاکٹر زاہد اقبال، ودیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پرکانفرنس میں شریک مہمانان کو اعزازی شیلڈ اور شرکاء میں سرٹیفیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

مزید : صفحہ آخر