پاکستانی قوم کو سعودی عرب سے قریبی تعلقات پر فخر ہے، احسن اقبال
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ قریبی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، پوری پاکستانی قوم کو سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دورہِ سعودی عرب کے دوران ریاض میں اعلیٰ سطعی سعودی شاہی وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا، سعودی وفد کی قیادت شہزادہ ترکی الفیصل نے کی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے سعودی عرب کے سابق وزیرِ خارجہ سعود الفیصل مرحوم کی اعلیٰ خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا، انہوں نے مرحوم شہزادے کو پاکستان کا عظیم دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہزادہ سعود الفیصل پاکستانی عوام کے دِلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔اس موقع پر دونوں اطراف سے تجارتی، اقتصادی، ثقافتی، مذہبی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مختلف تجاویز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔