چارسدہ،ماربل فیکٹریوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا

چارسدہ،ماربل فیکٹریوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا

چارسدہ (بیورو رپورٹ ) شبقدر مچنی کے علاقہ پرچاوئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں نامعلوم شدت پسندوں نے دو ماربلز فیکٹریوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ ماربل فیکٹریوں کے دفاتر میں موجود لاکھوں مالیت کا سامان اور دیگر تمام ریکارڈ خاکستر ۔ کئی مہینوں سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہے تھے جس میں لاکھوں روپے کے بھتہ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا ۔معروف صنعت کار رحیم شاہ ۔ رضا علی ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نا معلوم شدت پسندوں نے پرچاوئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقعہ ریان ماربل انڈسٹری اور یونا یٹیڈ ماربل فیکٹری میں بارودی مواد نصب کئے جو کہ زوردار دھماکے سے پھٹ گئے ۔دھماکوں کے نتیجے میں فیکٹریوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور کرڑوں روپے کا بزنس ریکارڈ مکمل طور پر خاکستر ہوگیا ۔واقعہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے۔ دوسری جانب ریان ماربل انڈسٹریز کے مالک اور معروف صنعت کار رحیم شاہ نے اخباری نمائندوں کو تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کو گزشتہ کئی مہینوں سے لگا تار دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہے تھے جس میں ان سے لاکھوں روپے بھتہ دینے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا جبکہ ساتھ ساتھ ان کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی مل رہی تھی ۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے داد رسی کی اپیل کی ۔ پولیس تھانہ سروکلی نے نامعلوم شدت پسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ اول