سکول بیسڈ پالیسی کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کو مستقل کیا جائے،محمد یاسین
لکی مروت(نمائندہ پاکستان)سی ٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن لکی مروت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ این ٹی ایس کے ذریعے سکول بیسڈ پالیسی کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کو مستقل کیا جائے تاکہ وہ دلجمعی سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں یہ مطالبہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت محمد یاسین نے کی اجلاس میں چیئرمین یوسف قانونی، ضلعی جنرل سیکرٹری وحید مراد، تحصیل لکی کے صدر نعمت اللہ، تحصیل نورنگ کے صدر خالد عثمان اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ رہنماؤں نے کہا کہ ون سٹیپ اپگریڈیشن کا مطالبہ پورا ہونے کے بعد اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہوئی ہے اور اب وہ طلبہ کی بہتر تعلیم و تربیت پر توجہ دے سکیں گے انہوں نے اڑھائی سو سے زائد اساتذہ کو میرٹ پالیسی کے تحت بھرتی کرنے پر ڈی ای او حاذق الرحمان اور ڈی ڈی ای او محمد شیراز کی تعریف کی اور کہا کہ ایس ایس پوسٹوں پر ترقی میں سی ٹی اساتذہ کو20فیصد کوٹہ دیا جائے جبکہ پی ایس ٹی پوسٹوں سے سی ٹی پوسٹوں پر ترقی پانے والے اساتذہ کو سکیل16میں ترقی دی جائے انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر لکی مروت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کا سی پی فنڈ بلاتاخیر جی پی فنڈ میں تبدیل کرکے اساتذہ کو بیلنس شیٹ جاری کی جائیں۔