ملک میں کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرگیا ہے ، معراج الہدیٰ صدیقی

ملک میں کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرگیا ہے ، معراج الہدیٰ صدیقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ کرپشن کا مسئلہ ملک میں ایک ناسور کی شکل اختیار کرگیا ہے جس کا مکمل خاتمہ اب ناگذیر ہے،اپنی دولت بیرون ملک چھپانے والے حکمران دوسروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کس منہ سے دعوت دیتے ہیں۔صرف بیرونی ممالک میں جمع رقم ہی واپس لاکر پاکستان میں سرمایہ کاری کی جائے تو نہ صرف ملک خوشحال بلکہ قرضوں سے بھی نجات مل جائے گی۔کرپشن فری اور اسلامی پاکستان ہی عوام کے خوابوں کی تعبیر کرسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قیم صوبہ ممتاز حسین سہتو ودیگر صوبائی رہنماء بھی موجود تھے۔ اجلاس میں جماعتی کارکردگی ودیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے ذمہ داران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن فری پاکستان رابطہ عوام مہم کے ذریعے اسلامی وخوشحال پاکستان کی جدوجہد تیز کردیں۔زیادہ سے زیادہ عوام تک جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ رہنماء دعوت دین اور انسان سازی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں وکوششیں بروئے کار لائیں تاکہ اسلامی انقلاب کی منزل قریب سے قریب تر ہوسکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر