سیاست کرنے والوں کو عافیہ کیوں نظر نہیں آتی؟، سول سوسائٹی

سیاست کرنے والوں کو عافیہ کیوں نظر نہیں آتی؟، سول سوسائٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے شہریوں نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے نمائش پر احتجاجی مظاہرے کے موقع پر مطالبہ کیا کہ عوام اور کراچی کے نام پر سیاست کرنے والے کو عافیہ کی 13 سالہ قید ناحق کیوں نظر نہیں آتی؟ سیاسی لیڈروں نے ووٹ حاصل کرنے اور اپنی سیاست چمکانے کیلئے قوم کی بیٹی کا نام استعمال کیا لیکن اس بے گناہ پاکستانی شہری کی رہائی کیلئے کبھی بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ مظاہرے میں شریک انسانی حقوق کی کارکن عذرا خان اور پروین اختر نے کہا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف اور کراچی میں پاک سرزمین جلسہ کررہی ہے۔ دونوں جماعتوں کے قائدین عوام کے حقوق کے دعویدار ہیں لیکن انہیں ایک پاکستانی شہری مظلوم خاتون ڈاکٹر عافیہ نظر نہیں آرہی؟ آخر کیوں؟۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھی اقتدار میں آنے سے قبل اور بعد میں پوری قوم اور عافیہ کے خاندان سے وعدہ کیا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کو ہم لائیں گے۔ لیکن اقتدار میں آنے کے چند ماہ بعد ہی انہیں اپنا وعدہ یاد نہیں رہا۔ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ آج نواز شریف کس مقام پر کھڑے ہیں ۔ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پران کی ساکھ ختم ہوچکی ہے جو کہ ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔سیاستدان اقتدار کے حصول کیلئے تو ایک میز پر فورََا جمع ہوجاتے ہیں ۔ انہیں بھارتی سیاستدانوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے جنہوں نے چند دنوں میں امریکی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی بھارتی خاتون دیویانی کھوبراج میں امریکی قید سے رہا کراکر بھارت واپس بلالیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاستدان جنرل پرویزمشرف، زرداری اور نواز شریف کے انجام سے سبق حاصل کریں اور ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لائیں ورنہ انہیں بھی قدرت کے انتقام کا نشانہ بننا پڑے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر