تاجروں کے حقوق کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے گا،چوہدری جمشید

تاجروں کے حقوق کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے گا،چوہدری جمشید

حسن ابدال(نمائندہ پاکستان)تاجروں کے حقوق کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے گا۔کسی صورت میں بھی تاجروں کا وقار مجروح نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجراں کے صدر چوہدری جمشید اختر نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی حال میں تجاوزات کی حمایت نہیں کرتے مگر اس کی آڑ میں دکانداروں کو ہراساں اور ذلیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہمارا مطالبہ صرف اتنا ہے کہ اگر کہیں پر تجاوزات موجود ہیں تو ان کی نشاندہی کی جائے اور دکاندار کو تحریر ی طور پر بذریعہ نوٹس مطلع کیا جائے۔نشاندہی اور نوٹس کے بغیر کسی کو غنڈہ گردی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اس ملک کی معیشت کا ایک اہم ستون ہیں جو لاکھوں روپے کا حکومت اور بلدیہ کو ٹیکس با قاعدگی سے ادا کرتے ہیں اور اپنے بچوں کے لیے با عزت روٹی کماتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے افسران بالا سے مطالبہ ہے کہ ان مسائل کو فلفور دور کیا جائے ورنہ 26اپریل بروز منگل کو اڈا لاریاں پر مرکزی انجمن تاجراں اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر