پاناما لیکس کا مقصد پاکستانی جمہوریت کو ڈی ریل کرنا ہے:شیرانی

پاناما لیکس کا مقصد پاکستانی جمہوریت کو ڈی ریل کرنا ہے:شیرانی
پاناما لیکس کا مقصد پاکستانی جمہوریت کو ڈی ریل کرنا ہے:شیرانی

  

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے پیچھے امریکہ اور یورپ کا ہاتھ جس سے وہ پاکستانی جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما محمد خان شیرانی نے پاناما لیکس کو امریکہ اور یورپ کی سازش قراردے دیا،ان کا کہنا تھا کہ اس کے ذریعے مغرب اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کیلئے پاکستان کو غیر مستحکم اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتاہے۔

ڈان نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے سنجوانی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیرانی کا کہنا تھا مدرسے شدت پسندی اور دہشت گردی میں کبھی بھی ملوث نہیں رہے، مغربی طاقتوں نے پاکستان میں مدارس کو بدنام کرنے کے لئے ان کے خلاف پراپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔ ملک میں موجود مدارس ہزاروں غریب بچوں کو مفت تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبد الواسع نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ چند این جی اوز ملک میں امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے مدارس پر پولیس کے چھاپے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مدارس نے کبھی شدت پسندی کی حمایت نہیں کی۔مولانا انوار الحق حقانی، مولانا حافظ محمد یوسف اور مولانا شیر جان نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔

مزید : کوئٹہ