اسرائیلی ریاست پر شام سے حملہ ہوا تو بشارالاسد کوبھاری قیمت چکانا پڑے گی: اسرائیل کی دھمکی
بیت المقدس(آئی این پی)اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی ریاست پر شام سے حملہ کیا گیا تو اس کی بشارالاسد کوبھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ بشارالاسد اپنے نظام اور اپنے وجود ہی کو خطرے سے دوچار کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر برائے انفراسٹرکچر ، انرجی اور آبی وسائل یو وال سٹینٹز نے کہا ہے کہ اگر شامی صدر نے ایرانیوں یا کسی اور عنصر کو شام کی سرزمین سے اسرائیل پر حملے کی اجازت دی تو اس کے نتائج ان ہی کوبھگتنا پڑیں گے۔اسرائیلی وزیر نے کہا کہ بشارالاسد اپنے نظام اور اپنے وجود ہی کو خطرے سے دوچار کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ شام میں جو کچھ ہورہا ہے،وہ اسرائیل کے مستقبل اور اس کی سیکیورٹی کے لیے اہمیت کاحامل ہے۔انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملات اس حد تک خراب نہیں ہوں گے کہ ایک مکمل جنگ چھڑ جائے۔