جوہری معاہدے کو ضرر پہنچاتو بھیانک نتائج آپ کے منتظر ہیں: ایرانی صدر کی امریکہ کو دھمکی
تہران(آئی این پی)ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کو ضرر پہنچایا تو بھیانک نتائج آپ کے منتظر ہیں،ٹرمپ کا موقف جوہری معاہدے کی بقا کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی پر براہ راست خطاب میں روحانی کا کہنا تھا کہ "میں وہائٹ ہاؤس میں موجود شخصیات سے کہہ رہا ہوں کہ اگر انہوں نے اپنی ذمّے داریوں کو پورا نہ کیا تو ایرانی حکومت پورے عزم کے ساتھ حرکت میں آئے گی"۔روحانی کا مزید کہنا تھا کہ "اگر کسی شخص نے معاہدے سے رْوگردانی کی تو وہ جان لے کہ اسے بھیانک نتائج بھگتنا ہوں گے"۔امریکی صدر کے مغربی حلیفوں کی جانب سے ٹرمپ پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے تا کہ وہ 2015 میں ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو برقرار رکھیں، اس سلسلے میں فرانسیسی صدر امانوئل میکرون ذاتی طور پر ٹرمپ پر زور دیں گے کہ وہ معاہدے سے دست بردار نہ ہوں۔