لیسکو میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے ‘چیف ایگزیکٹو

لیسکو میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے ‘چیف ایگزیکٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو میں بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے آپریشن اور سرویلنس کی ٹیموں کی جانب سے مہم جاری ہے اس کے ساتھ ساتھ بجلی چوروں کو ڈٹیکشن بلز چارج کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجب الادا رقومات کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ لیسکو میں بجلی چوری بڑھ جانے سے لائن لاسز میں اعشاریہ 6فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ مارچ میں لیسکو کی ریکوری 100%رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری میں کمپنی کے پروگریسو لائن لاسز میں اعشاریہ 8فیصد کا اضافہ سامنے آیا تھا جو کہ اب مارچ میں اعشاریہ 5فیصد پر آگیا ہے جس کے مطابق لاسز میں 0.3%کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی میں ٹیکنیکل اور کمرشل لاسز کے نتائج کمپنی کے مجموعی لاسز کے اعداد وشمار میں شامل ہوتے ہیں اس لئے صرف یہ کہنا کہ لاسز کی وجہ بجلی چوری ہے سراسر بے بنیاد ہے۔ چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ لیسکو میں بجلی چوروں کے خلاف مہم منظم طریقے سے جاری ہے ۔ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز، ایکسئینز اور ایس ڈی اوزکی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون کیا جارہا ہے۔ لاہور سمیت لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ دو ماہ کے دوران اب تک 1412بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کے لئے درخواستیں جمع کروائی گئیں جبکہ فروری کے مہینے میں 19.55ملین جبکہ مارچ کے مہینے میں 23.12ملین ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں۔لیسکو چیف نے بتایا کہ لیسکو ریجن میں خراب میٹروں کی تبدیلی کا عمل بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے جس میں گزشتہ دو ماہ کے دوران 88091خراب میٹرز تبدیل کردیئے گئے ہیں۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ ہم لیسکو سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے سرگرم عمل ہیں۔

مزید :

کامرس -