عمران خان کون سی بڑی وکٹ گرانے والے ہیں؟سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے لاہور سے اچانک روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کسی ’’بڑی وکٹ ‘‘ گرنے کی خوشخبری دینے کے بعد سے بنی گالہ اور پی ٹی آئی حلقوں میں تو مکمل خاموشی ہے لیکن کپتان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر طوفان بپا کیا ہوا ہے ،پی ٹی آئی میں شامل ہونے والی اس’’ نامعلوم‘‘ بڑی وکٹ کے بارے میں لوگ اپنے اپنے انداز میں تجزیے اور قیاس آرائیاں کر رہے ہیں تاہم چوہدری فواد حسین نے چوہدری نثار علی خان کے تحریک انصاف میں شامل ہونے کی خبروں کو قبل اَز وقت قرار دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان غیر متوقع طور اور کسی شیڈول کے بغیر اچانک لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے لگے تو انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں ’’ خوشخبری ‘‘ سنائی کہ پورے ملک میں سونامی آ چکا ہے ،اسلام آباد جانے کے پیچھے بھی انہوں نے ایک بڑی وکٹ گرانے کا اشارہ دیا تاہم کون سی شخصیت پی ٹی آئی میں شامل ہو رہی ہے ؟صحافیوں کے اس سوال پر ’’نئے مہمان ‘‘ کا نام بتانے سے گریز گیا ۔گو کہ کپتان لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو چکے ہیں اور اس بات کو بھی کئی گھنٹے گذر چکے ہیں تاہم بنی گالہ میں اس حوالے سے مکمل خاموشی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ’’کپتان ‘‘ کا کوئی ’’کھلاڑی‘‘ اس مسئلے پر لب کشائی نہیں کر رہا جس کی وجہ سے پورے ملک میں لوگ بڑی بے صبری کے ساتھ تحریک انصاف میں نئے شامل ہونے والے سیاست دان کا نام جاننے کے لئے بے تاب ہیں ،کیونکہ چوہدری نثار علی خان کے بارے میں قیاس آرائیاں کرتے ہوئے کہا جا رہا ہے شائد کہ اب وہ ’’کپتان ‘‘ کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کریں تاہم پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد حسین چوہدری نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کے تحریک انصاف میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میڈیا پر چوہدری نثار کی تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق خبریں قبل از وقت ہیں، ابھی تک اس شمولیت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی‘‘تاہم سوشل میڈیا پر لوگ اپنے اپنے انداز میں قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔