مخدوم وجاہت اور مفتی ہدایت اللہ اتحاد امت کے علمبردار تھے،قاری حنیف جالندھری

مخدوم وجاہت اور مفتی ہدایت اللہ اتحاد امت کے علمبردار تھے،قاری حنیف ...

  



ملتان (سٹی رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ آج وطن عزیز اور امت مسلمہ سنگین صورتحال سے دوچار ہے، شام، عراق، یمن، افغانستان، کشمیر سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون بہایا جا رہاہے جس کی وجہ عالم اسلام کا انتشار اور(بقیہ نمبر27صفحہ7پر )

غیروں کی غلامی ہے۔ مخدوم وجاہت حسین گیلانی اور مفتی ہدایت اللہ پسروری توڑنے والے نہیں بلکہ جوڑنے والے تھے۔ ان کا مشن محبت اور قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرنے کا تھا، ان کے مشن کو آگے بڑھانا چاہئے، عالم اسلام کے تمام مسائل کا حل بھی اسی میں مضمر ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے قول و فعل کا تضاد ختم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی میلاد کونسل کے زیر اہتمام درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے سجادہ نشین مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی (مرحوم) اور جمیعت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء و جامعہ ہدایت القرآن ملتان کے مہتمم مفتی ہدایت اللہ پسروری (مرحوم) کی یاد میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مخدوم وجاہت حسین گیلانی کے صاحبزادے مخدومزادہ سید محمد ابو الحسن جمال الدین گیلانی اور مفتی ہدایت اللہ پسروری کے صاحبزادے و مہتمم جامعہ ہدایت القرآن مولانا محمد عثمان پسروری نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد حنیف جالندھری کا مزید کہنا تھا کہ مفتی ہدایت اللہ پسروری نے ہمیشہ اتحاد کا درس دیا اور مخدوم وجاہت حسین گیلانی تسلیم اور رضا کے پیکر تھے۔ دینی حمیت اور اسلامی و ملی غیرت ان کے اندر کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی ہدایت اللہ پسروری ایک عہد اور ایک زمانے کا نام ہے، کبھی ان کی طرف سے فرقہ واریت کا کوئی لفظ نہیں سنا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ ہمارے مسائل کا حل اسلام کے دامن میں ہے، ہمیں اپنی صفوں کو درست کرنا ہو گا۔ مخدوم وجاہت حسین گیلانی اور مفتی ہدایت اللہ پسروری نے ساری زندگی علم و روحانیت کے چراغ جلائے ہیں۔ تعزیتی ریفرنس سے ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر، سابق صوبائی وزیر حافظ اقبال خاکوانی، سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی، درگاہ چورہ شریف کے سجادہ نشین سید فاروق الحسن، جماعت اہل سنت پنجاب کے ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی، امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف محمود اخوانی، درگاہ حضرت چادر والی سرکارؒ کے سجادہ نشین پیر سید علی حسین شاہ، جمیعت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء محمد ایوب مغل، ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی علامہ خالد محمود ندیم، پاکستان علماء کونسل ضلع ملتان کے رہنماؤں علامہ عبدالحق مجاہد، علامہ انوار الحق مجاہد، جمشید حیات ایڈووکیٹ، سابق ایم پی اے نفیس احمد انصاری، اسلامی تحریک کے ترجمان بشارت قریشی، حافظ اللہ دتہ کاشف بوسن ایڈووکیٹ، پروفیسر محمد حسین آزاد، عزاداری کونسل کے چئیرمین علامہ مجاہد عباس گردیزی، مولانا سعید احمد فاروقی، قاری عبدالغفار نقشبندی، ڈاکٹر صدیق خان قادری، دعوت اسلامی کے ذمہ دار محمد سلیم بلالی، ڈاکٹر ارشد علی بلوچ، قاضی بشیر گولڑوی، پیر سید شوکت حسین شاہ، مولانا خادم حسین سعیدی، عظیم الحق پیرزادہ ایڈووکیٹ، قاری مطیع الرسول سعیدی، پروفیسر ماجد وٹو، سلطان محمود ملک، یونس غازی، حافظ ظفر قریشی، محمد علی رضوی، عامر محمود نقشبندی، حاجی عاشق علی قادری، حمید نواز عاصم، احمد نواز عصیمی، عمران یوسف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...