اینٹی کرپشن ٹربیونل نے ناصر جمشید کو 4 مئی کو طلب کرلیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے ناصر جمشید کو طلب کرلیا۔ 3 رکنی ٹربیونل نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور انگلینڈ میں مقیم اوپنر کو 4 مئی کو این سی اے میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے ناصر جمشید پر کوڈ آف کنڈکٹ کی 5 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا تھا۔بورڈ کا مؤقف ہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ناصر جمشید نے فکسنگ سے متعلق 2 شقوں کی 2 بار خلاف ورزی کی، تین رکنی ٹربیونل کی قیادت جسٹس (ر) فضل میراں چوہان کر رہے ہیں، عاقب جاوید اور شاہ زیب مسعود ممبران میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی عائد کی تھی جو رواں سال فروری میں ختم ہو گئی۔
سپاٹ فکسنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ناصر جمشید انگلینڈ میں رہے، ٹیسٹ کرکٹر اینٹی کرپشن ٹربیونل کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور تحقیقات میں تعاون بھی نہیں کیا تھا۔