موجودہ حکومت بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس فی الفور ختم کرے،تاجر

موجودہ حکومت بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس فی الفور ختم کرے،تاجر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران نے انتباہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کوفی الفور ختم کرنے کا اعلان کرے بصورت دیگراس ظالم ٹیکس کے خلاف سراپا احتجاج بنتے ہوئے ملک گیر شٹر ڈاؤ ن پاور کا استعمال کر یں گے۔علاوہ ازیں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو گرفتار کر کے ان کی تمام جائیداد ضبط کی جائے ۔بجٹ آئے یا نہیں آئے حکومت کو ظالمانہ اقدامات کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ حکومت کو اب کندھوں پر نہیں اٹھائیں گے ۔ قومی اسمبلی میں بیٹھے ہوئے سیاستدانوں نے تاجروں کی موت کے پروانے پر دستخط کئے اب مذاکرات نہیں دما دم مست قلندر ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز ، جنرل سیکرٹری آل پاکستان انجمن تاجران عبدالرزاق ببر ، صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ ،جنرل سیکرٹری طیب رشید میرسمیت 100سے زائد مارکیٹوں کے تاجر وں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ خالد پرویز نے کہا کہ یہ وہی حکومت ہے جسے ہم کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں لے کر آئے ۔ حکومت نے مراعات دینے کی بجائے تاجروں کا معاشی قتل کیا ۔ بجٹ آئے یا نہ آئے ودہولڈ نگ ٹیکس کو فوری ختم کیا جائے ۔ مطالبات سے کسی بھی صورت میں پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ ملک بھر کی تاجر برادری حکومت کیخلاف متحد ہوچکی ہے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران ملک گیر تاجروں کی نمائند تنظیم ہے ۔مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ تاجروں کیساتھ پولیس اورکسٹم حکام کی غنڈہ گردی کا بھی نوٹس لیا جائے۔ اگرحکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس کے نام پرسرکاری بھتہ ختم نہ کیا تو تاجربرادری ملک گیر شٹر ڈاون پر مجبور ہوجائے گی جس کے ذمہ دار وزارت خزانہ اور اور وزیر اعظم خود ہونگے ۔ پریس کانفرنس کے بعد تاجروں کی کثیر تعداد نے بعد ازاں لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جس میں انہوں نے کتبے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر اپنے مطالبات کی حمایت اور حکومت کے ظالمانہ اقدامات کیخلاف نعرے درج تھے ۔

مزید :

صفحہ آخر -