حکومت بھٹو دشمنی میں اندھی ہو چکی طلبہ کے مستقبل سے نہ کھیلے، نیر بخاری

حکومت بھٹو دشمنی میں اندھی ہو چکی طلبہ کے مستقبل سے نہ کھیلے، نیر بخاری

  



اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیرحسین بخاری نے کہا ہے کہ حکومت بھٹو دشمنی میں اندھی ہو چکی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی پی ایم ڈی سی رجسٹریشن ختم ہونے کی ذمہ دار حکومت ہے،حکومت یونیورسٹی کے طلبہ کے مستقبل سے نہ کھیلے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہید بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی رجسٹریشن منسوخ ہونے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت شہید بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ کے مستقبل سے نہ کھیلے،حکومت نے جانتے بوجھتے یونیورسٹی کے آئینی میڈیکل کالج کو الگ کیا،فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو الگ کرنے کا حکومتی مقصد بھٹو یونیورسٹی کو ختم کروانا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کی واحد سرکاری یونیورسٹی ہے،پی ایم ڈی سی طلبہ دشمن کھیل کا حصہ نہ بنیں۔پیپلز پارٹی نے اسلام آباد کے عوام کو میڈیکل یونیورسٹی دی،پیپلز پارٹی طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو دوبارہ یونیورسٹی کا آئینی کالج بنا کر ادارے کو بچایا جائے۔

نیر بخاری

مزید : علاقائی