کوئٹہ ،3خودکش حملے ، 7پولیس اہلکار شہید ، 15زخمی ، فورسز کی جوابی فائرنگ سے 2حملہ آور ہلاک
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)کوئٹہ میں میاں غنڈی اور ائیرپورٹ روڈ پر تین خود کش حملوں میں 7 اہلکار شہید اور 15 زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر میاں غنڈی کے علاقے میں دو خود کش بمباروں نے ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں خود کش حملہ آور سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دونوں خودکش حملہ آروں نے 8 سے10 کلو بارود خودکش حملے میں استعمال کیا سکیورٹی فورسز کے عملے نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تیسرا خود کش حملہ ائیرپورٹ روڈ پر ہوا جہاں بلوچستان کا نسٹیبلر ی کے ٹرک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے خود کواڑا دیا جس کے نتیجے میں 7اہلکار شہیدجبکہ15زخمی ہوگئے شہید ہونے والے اہلکاروں میں سے پانچ کی شناخت کریم بخش،علی نواز،رشید احمد،عبدالحمیدکے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں نثار احمد،جمال خان،شاہ نواز،احمد علی،عاشق علی،ظہور احمد ،عید خان اور ایک نامعلوم شامل ہیں ، سکیورٹی فورسز کے مطابق وزیرا عظم آزاد کشمیر کی کوئٹہ آمد کے موقع پر اےئر پورٹ روڈ پر وی آئی پی روٹ لگا ہوا تھا اسی اثناء میں ڈیوٹی پر ما مور اہلکاروں کو لے کر جانے والے بی سی کے ٹرک قریب خودکش دھما کہ ہوا۔دوسری جانب دہشت گردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ایمبولینسوں کے ذریعے خود کش حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ سکیورٹی فورسز اور محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کرجائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے ۔صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،چیئرمین سینیٹ،آرمی چیف،چاروں وزرائے اعلیٰ اورگورنرز سمیت اہم سیاسی ومذہبی شخصیات نے کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے اور دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔