کوہاٹ میں بدقماش عناصر کیخلاف سرچ آپریشن ، 47گرفتار

کوہاٹ میں بدقماش عناصر کیخلاف سرچ آپریشن ، 47گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوہاٹ (بیورورپورٹ)کوہاٹ کے نواحی قصبہ شکردرہ کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران مطلوب اشتہاریوں اور سہولت کاروں سمیت 47مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔حساس اطلاعات پرتلاشی آپریشن کی کاروائی میں بڑی تعداد میں خود کار اسلحہ اور منشیات بھی پکڑی گئی ہیں۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر مطلوب اشتہاریوں اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث جرائم پیشہ و غیر مقامی مشتبہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایس پی آپریشنز جمیل اختر کی زیر نگرانی ضلعی پولیس کا شہر اور دورافتادہ علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا سلسلہ جاری ہے جسکے تسلسل میں منگل کی صبح پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستوں پر مشتمل بھاری نفری نے ڈی ایس پی لاچی روخان زیب اور ایس ایچ او شکردرہ محمد افضل اعوان کی قیادت میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے مزکورہ آبادی کا اچانک محاصرہ کرلیا۔سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی میں پولیس نے مطلوب اشتہاری مجرموں کے گھروں اور ممکنہ ٹھکانوں سمیت مختلف ٹارگٹڈمقامات پر چھاپے مارے جسکے نتیجے میں قتل و اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب 3اشتہاریوں اور انکے 2سہولت کاروں سمیت 47مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔حساس معلومات کی بنیاد پر ٹارگٹڈ مقامات پرکامیاب چھاپوں اور گھر گھر تلاشی آپریشن کی کاروائی میں پولیس کی آپریشنل ٹیموں کو بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور منشیات بھی ملے ہیں جن میں 3کلاشنکوف،4رائفل،1 کلاکوف،3 بندوق،4 پستول، 10چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور4کلو گرام چرس شامل ہیں۔منگل کی علی الصبح سے شروع سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن پانچ گھنٹے مسلسل جاری رہا اور اس دوران علاقے کی طرف آنے جانے والے راستوں پر ناکہ بندی کرکے تمام افراد کو سخت تلاشی کے بعد اندر یاباہر جانے کی اجازت دی گئی جبکہ علاقے میں نقل و حمل محدود کرتے ہوئے مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی ۔سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی تمام تر کاروائی میں بم ڈسپوزل سکواڈ،کھوجی کتوں کی ٹیم،خواتین پولیس اور سراغ رساں ادارے ڈی ایس بی کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیاجنہیں خود کار اور بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی بھی مدد حاصل رہی۔